حیدرآباد

فوت لڑکی کے والدین سے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر احتجاج

صدر مہیلا وبھاگ متوفی کے والدین سے ان کی لڑکی کی موت کی وجوہات جانناچاہتی تھیں۔ تاہم پولیس نے انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی۔

حیدرآباد: پولیس نے صدر کانگریس مہیلا وبھاگ سنیتاراؤ کو آج اس وقت گرفتار کرلیا جبکہ وہ دمائی گوڑہ میں ایک لڑکی جس کی مشتبہ حالت میں موت ہوئی ہے‘ کے والدین سے ملاقات کرنے گاندھی ہاسپٹل مشیرآباد پہنچی تھیں۔

پولیس نے انہیں اور دیگر مہیلا کارکنوں کو گرفتار کرکے بلارم پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ قبل ازیں گاندھی ہاسپٹل میں خاتون پولیس اسٹاف کے ساتھ سنیتاراؤ اور دیگر نے گرفتاری کے خلاف مزاحمت کی۔

صدر مہیلا وبھاگ متوفی کے والدین سے ان کی لڑکی کی موت کی وجوہات جانناچاہتی تھیں۔ تاہم پولیس نے انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی۔

اطلاع ملتے ہی سینئر نائب صدر ملوروی اور صدر یوتھ کانگریس شیوسینا ریڈی‘ بلارم پولیس اسٹیشن پہنچے جہاں انہوں نے مہیلا قائدین سے ملاقات کی۔

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملوروی نے کہاکہ کانگریس قائدین کے ساتھ پولیس کا رویہ انتہائی ظالمانہ رہا ہے‘ کسی غریب لڑکی کی مشتبہ موت پر ان کے والدین سے ملاقات کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔