بھارت

فیملی پلاننگ نہ کرنے والوں کو ووٹنگ کا حق نہ ہو: گری راج سنگھ

مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے سخت آبادی کنٹرول قوانین بنانے کی وکالت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حق ِ رائے دہی سے محروم کردینا چاہئے۔

نئی دہلی: مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے سخت آبادی کنٹرول قوانین بنانے کی وکالت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حق ِ رائے دہی سے محروم کردینا چاہئے۔

انہوں نے آئی اے این ایس سے کہا کہ یہ قوانین سبھی پر مساوی لاگو ہوں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو سرکاری سہولتوں سے محروم کردینا چاہئے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض لوگ سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت ہندوستانی جمہوریت کو خطرہ میں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کے لئے ملک میں یکساں سیول کوڈ(یو سی سی) لاگو کرنا چاہئے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کا ذکر کرتے ہوئے گری راج سنگھ نے دعویٰ کیا کہ ان ملکوں میں جمہوریت ختم ہوگئی جہاں اکثریت کی آبادی گھٹ گئی۔

کشمیر‘ کیرالا‘ پوروانچل (بنگال) اور بہارکے حوالہ سے مرکزی وزیر نے کہا کہ ان علاقوں میں سماجی ہم آہنگی میں دراڑ دیکھی جاسکتی ہے۔

آبادی پر کنٹرول کے سخت قوانین جمہوریت کے تحفظ‘ سماجی ہم آہنگی کی برقراری اور ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہیں۔بہار کے بی جے پی قائد گری راج سنگھ اشتعال انگیز بیانات کے لئے جانے جاتے ہیں۔