بھارت

مردہ بچہ کی پیدائش، خواتین کو 60 دن کی خصوصی رخصت منظور

مرکزی حکومت کی تمام خاتون ملازمین کو زچگی کے وقت بچہ کی موت یا زچگی کے فوری بعد موت کی صورت میں 60 دن کی خصوصی زچگی رخصت کا حق حاصل ہوگا۔

نئی دہلی: مرکزی حکومت کی تمام خاتون ملازمین کو زچگی کے وقت بچہ کی موت یا زچگی کے فوری بعد موت کی صورت میں 60 دن کی خصوصی زچگی رخصت کا حق حاصل ہوگا۔

ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم میں آج یہ بات بتائی گئی۔ محکمہ نے کہاکہ یہ فیصلہ مردہ بچہ کی پیدائش یا پیدائش کے فوری بعد موت کی وجہ سے ہونے والے امکانی صدمہ کو مد ِ نظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے، جس کے ماں کی زندگی پر دور رس اثرات ہوں گے۔

محکمہ نے کہا کہ اسے کئی حوالے یا سوالات موصول ہوئے ہیں، جن کے ذریعہ بچہ کی پیدائش کے وقت موت یا فوری بعد موت کی صورت میں زچگی رخصت کے بارے میں وضاحت طلب کی گئی ہے۔

حکم نامہ میں کہا گیا کہ وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ محکمہ نے کہا کہ اگر کسی مرکزی حکومت کی خاتون ملازم نے 60 دن کی خصوصی رخصت حاصل نہیں کی ہے تو بچہ کی موت کی صورت میں اُسے یہ رخصت دی جاسکتی ہے۔