ایشیاء

مریم نواز کے سینئر نائب صدر بننے سے پارٹی کے کئی قائدین ناراض

مریم نواز کے سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے کے بعد سے پاکستان مسلم لیگ نواز(پی ایم ایل این) کے صف ِ دوم کے تجربہ کار قائدین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

نئی دہلی: مریم نواز کے سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے کے بعد سے پاکستان مسلم لیگ نواز(پی ایم ایل این) کے صف ِ دوم کے تجربہ کار قائدین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

متعلقہ خبریں
مریم نواز، پاکستان کے صوبہ پنجاب کی پہلی خاتون چیف منسٹر ہوں گی

پارٹی ذرائع نے افسوس ظاہر کیا کہ اس تقرر سے قبل کوئی صلاح و مشورہ نہیں کیا گیا۔ مریم نواز اب اپنے والد نواز شریف اور چچا شہباز شریف (موجودہ وزیراعظم) کے بعد پارٹی میں تیسری انتہائی طاقتور قائد بن گئی ہیں۔ کئی سینئر پارٹی قائدین اس تقرر سے ناخوش ہیں۔

دی نیوز نے یہ اطلاع دی۔ مریم نواز‘ شہباز شریف کے بعد پارٹی میں دوسری سینئر ترین قائد بن گئی ہیں کیونکہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی رو سے نواز شریف کا پارٹی میں کوئی عہدہ نہیں ہوسکتا لیکن وہ پارٹی کے سپریم لیڈر برقرار ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے ایک سینئر قائد نے انگریزی روزنامہ دی نیوز سے کہا کہ مریم نواز کے تقرر کا فیصلہ غیرجمہوری ہے اور اس کا مقصد نواز شریف کی سیاسی سلطنت کو بڑھاوا دینا ہے۔ شریف خاندان کے باہر کسی بھی سینئر قائد سے اس سلسلہ میں مشورہ نہیں کیا گیا۔ پارٹی کے ایک اور قائد نے افسوس ظاہر کیا کہ شریف خاندان کے افراد یا ان کے قریبی لوگوں کو ہی پارٹی میں یا حکومت میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہونے کا اولین حق حاصل ہے۔

نواز شریف‘ پارٹی کے سپریم لیڈر ہیں اور ان کے چھوٹے بھائی پارٹی کے صدر اور وزیراعظم پاکستان بھی ہیں۔ نواز شریف کی لڑکی مریم نواز سینئر وی پی اور چیف آرگنائزر ہیں جبکہ شہباز شریف کا بڑا لڑکا حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی میں قائد اپوزیشن ہے۔ دوسروں کو درکنار کرتے ہوئے حمزہ کو گزشتہ برس چیف منسٹر بنایا گیا تھا۔

پارٹی میں کئی قائدین کا خیال ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور ملک احمد خان پنجاب کی چیف منسٹری کے لئے کہیں بہتر انتخاب ہوسکتے تھے لیکن شریف خاندان نے اپنے ہی رکن حمزہ کے حق میں فیصلہ کیا تاہم ان کی چیف منسٹری بہ مشکل چند ماہ چل سکی۔ نواز شریف کے دونوں بیٹوں میں کسی کو بھی سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں جبکہ شہباز شریف کا چھوٹا لڑکا سلیمان شہباز فیملی بزنس سنبھالتا ہے۔

وزیر فینانس اسحق ڈار کو جو نواز شریف کے قریبی رشتہ دار ہیں‘ رشتہ داری کی وجہ سے پارٹی میں اثرو رسوخ حاصل ہے۔ وہ پاکستان مسلم لیگ نواز اوورسیز چیاپٹر کے صدر بھی ہیں۔ نواز شریف کے داماد اور مریم کے شوہر ریٹائرڈ کپتان صفدر پاکستان مسلم لیگ نواز یوتھ وِنگ کے سربراہ ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے ایک اور قائد کے بموجب مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کو پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم نواز لیگ کے مستقبل کے طورپر ابھاررہی ہے تاہم جنید نے ابھی تک سیاست میں قدم نہیں رکھا ہے۔ جنید کے سیاست میں آنے کے بعد شریف خاندان کے باہر کی پارٹی قیادت جونیر ہوجائے گی۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کی داخلی سیاست کا جہاں تک تعلق ہے‘ جمہوریت پس ِ پشت جاچکی ہے۔

a3w
a3w