مسجد نبویؐ میں 4 ہزار سے زائد خواتین و مرد اعتکاف کریں گے
مسجد نبوی ؐ میں منگل سے معتکفین کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ رواں برس رمضان کے آخری عشرے میں 4 ہزار 200 معتکفین مسجد نبویؐ کے مہمان ہوں گے۔مرد معتکفین کے لیے مسجد نبویؐ کی مغربی چھت مختص کی گئی۔
مدینہ منورہ: مسجد نبوی ؐ میں منگل سے معتکفین کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ رواں برس رمضان کے آخری عشرے میں 4 ہزار 200 معتکفین مسجد نبویؐ کے مہمان ہوں گے۔مرد معتکفین کے لیے مسجد نبویؐ کی مغربی چھت مختص کی گئی۔
مرد معتکفین باب نمبر 6 اور داخلی سیڑھیوں اور باب نمبر 10 کو آمد و رفت کے لیے استعمال کریں گے۔خواتین معتکفات کے لیے مسجد نبویؐ کے شمال مشرقی حصے اور داخلے کے لیے باب 24اور 25 مختص کیے گئے ہیں۔
مسجد نبویؐ کے امور کی کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معتکفین کے لیے سحری اور افطاری میں طعام اور مشروبات کا بندوبست کیا گیا ہے اور طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔علاوہ ازیں معتکفین کو ان کی زبانوں میں دینی دروس دینے کا انتظام بھی کیا گیا ہے تاکہ وہ اس عبادت کے زیادہ سے زیادہ فیوض کو بٹور سکیں۔
علحدہ موصولہ اطلاع کے بموجب محرم سے لے کر 15 رمضان تک ایک کروڑ 63 لاکھ افراد مسجد نبوی ؐکی زیارت کرچکے ہیں۔حرمین الشریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اب تک مسجد نبوی کے زائرین کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔
سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق حرمین الشریفین انتظامیہ کے سربراہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محرم سے لے کر 15 رمضان تک ایک کروڑ 63 لاکھ افراد مسجد نبوی کی زیارت کرچکے ہیں۔
ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا کہ رمضان المبارک میں زائرین کی خدمت اور سہولت فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبے پر عمل کیا جارہا ہے۔ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا کہ حرمین انتظامیہ کے تمام شعبے اور ان میں کام کرنے والا عملہ زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مخلصانہ محنت کر رہا ہے۔