’مسلم پرسنل لا بورڈ، بغیر سمجھے یکساں سیول کوڈ کا مخالف‘
بی جے پی مائناریٹی مورچہ اترپردیش یونٹ کے صدر کنور باسط علی نے پیر کے دن دعویٰ کیا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ(اے آئی ایم پی ایل بی) سمجھے بغیر یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) کی مخالفت کررہا ہے۔
لکھنو: بی جے پی مائناریٹی مورچہ اترپردیش یونٹ کے صدر کنور باسط علی نے پیر کے دن دعویٰ کیا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ(اے آئی ایم پی ایل بی) سمجھے بغیر یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) کی مخالفت کررہا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ یکساں سیول کوڈ کا مقصد کسی کی مذہبی آزادی یا طریقہ عبادت میں مداخلت کرنا نہیں ہے بلکہ جمہوریت کو مستحکم کرنا مقصود ہے۔
پرسنل لا بورڈ پر تنقید کرتے ہوئے کنور باسط علی نے کہا کہ یو سی سی کا خاکہ ابھی تک طئے نہیں ہوا لیکن مسلم پرسنل لا بورڈ نے ہر سطح پر اس کی مخالفت شروع کردی ہے۔
کنور باسط علی نے کہا کہ چار شادیوں پر پابندی لگ سکتی ہے۔ لڑکیوں کو جائیداد میں حصہ دینا پڑسکتا ہے۔ یو سی سی کے مخالفین کو شاید اسی سے پریشانی ہے۔
ایسا لگتا ہے کہ بورڈ‘ یکساں سیول کوڈ کو دیکھے اور سمجھے بغیر اس کے خلاف ماحول تیارکرنے کی کوشش میں ہے۔ یہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ حکومت اور لا کمیشن نے یو سی سی پر سبھی سے جمہوری طریقہ سے رائے مانگی ہے۔ یہ وقت تجویز کا ہے‘ مخالفت کا نہیں۔