ملک کو بی جے پی سے پاک کرنا ضروری ہوگیا ہے: کے سی آر
انہوں نے بی جے پی اور نریندر مودی کو کسان اور زراعت مخالف قراردیا۔کے سی آر نے کہاکہ 2024 تک بی جے پی کوملک سے بھگادینا ہے اوراس مقصد کوحاصل کرنے کے لئے مودی کو لگام دیتے ہوئے انہیں قابو میں کرنا ہوگا۔
حیدرآباد: چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ نے کہاکہ ملک سے بی جے پی کے وجودکوختم کرنا ہے۔ بی جے پی کے وجود کوختم کرنے کے لئے مودی کولگام دینا ہوگا۔
آج ضلع پداپلی کے تعمیر شدہ انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ کامپلکس کا افتتاح انجام دینے کے بعد منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی اور نریندر مودی کو کسان اور زراعت مخالف قراردیا۔
کے سی آر نے کہاکہ 2024 تک بی جے پی کوملک سے بھگادینا ہے اوراس مقصد کوحاصل کرنے کے لئے مودی کو لگام دیتے ہوئے انہیں قابو میں کرنا ہوگا۔
چیف منسٹر نے کہاکہ ہم کوتوقع تھی کہ مشکل حالات کا سامناکررہے کسانوں کی مالی اوراخلاقی مدد کی جاتی مگر ریاستوں کی جانب سے کی جارہی مدد کو مفت اسکیم قرار دیتے ہوئے ان اسکیمات کو ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ زرعی مقاصد کے لئے مفت برقی سربراہی کوختم کرنے ہم پر دباؤ ڈالا جارہاہے۔باولیوں اور بورویلس پربرقی میٹرلگانے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔
کے سی آر نے پیش قیاسی کرتے ہوئے کہاکہ آنے والے دنوں میں مرکز پرکسانوں کی حکمرانی ہوگی۔ بی جے پی کو شکست کا منہ دیکھناپرئے گا۔گول مول باتیں کرنے والے وزیر اعظم اورجھوٹ بولنے والے ان کے رفقاء جوآئے دن ملک کے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں‘گمراہ کررہے ہیں کوگھرکار راستہ دکھادیا جائے گا۔
کے چندرشیکھرراؤ نے کہا ملک میں زراعت کیلئے صرف 20.8فیصد برقی استعمال کی جاتی ہے جس کی خریداری پر 1,45,000کروڑ خرچ آتاہے۔اس سے زیادہ رقم کارپوریٹ صارفین کے حوالہ کی جارہی ہے۔
چیف منسٹرنے مودی سے جاننا چاہا کہ کسانوں کے ساتھ اتنی نفرت کیوں ہے‘ کیوں اناج پیدا کرنے والوں پر چوروں‘ ڈاکوں کوفوقیت دی جارہی ہے؟۔کے سی آر نے کہاکہ ملک بھر کے کسانوں نے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ مرکز کے خلاف کسانوں کے حق میں آوازبلندکریں کسان تحریک کی قیادت کریں۔اس کسان دشمن حکومت سے نجات دلائیں۔