مودی کو پرتیکشا کی اذیت کی کہانی ضرور سننی چاہیے:راہول گاندھی
کانگریس قائد نے ٹویٹ کرکے مودی سے اس لڑکی کی مدد کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ”وزیر اعظم جی‘ پرتیکشا کی بات سنیں جس نے بی جے پی حکومت کی کووِڈ بدانتظامی کی وجہ سے اپنے والد کو کھو دیا۔
نئی دہلی۔ یکم اکتوبر۔ (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے حکومت پر کورونا متاثرین کے کنبوں کے بچوں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے ایسے بچوں کی مدد کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ انہیں کرناٹک کی چھوٹی سی پرتیکشا کی مدد ضرور کرنی چاہیے۔
بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہول گاندھی نے کرناٹک کے تھانڈوپورہ میں کورونا سے متاثرہ کنبوں کے ارکان کے مسائل سنے۔ اس دوران پرتیکشا نامی ایک چھوٹی بچی نے انہیں بتایا کہ اس کے والد کی موت کورونا سے ہوگئی تھی اور اس کی بات نہیں سنی جا رہی ہے۔
اس کا کہنا ہے کہ وہ ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کرنا چاہتی ہے۔
کانگریس قائد نے ٹویٹ کرکے مودی سے اس لڑکی کی مدد کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ”وزیر اعظم جی‘ پرتیکشا کی بات سنیں جس نے بی جے پی حکومت کی کووِڈ بدانتظامی کی وجہ سے اپنے والد کو کھو دیا۔
وہ اپنی تعلیم کو آگے بڑھانے اور کنبہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے حکومت سے مدد کی اپیل کررہی ہے“۔کورونا متاثرین کے مسائل سننے کے بعدراہول گاندھی نے حکومت سے پوچھا”کیا کووِڈ متاثرین کے اہل خانہ مناسب معاوضہ کے اہل نہیں ہیں؟ آپ انہیں ان کے حقوق سے کیوں محروم کر رہے ہیں“؟۔