دہلی

سونے کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ،جانئے اب 10 گرام سونے کی قیمت کہاں پہنچ گئی

ملک میں سب سے زیادہ قیمت دہلی میں دیکھی گئی، جہاں 24 کیرٹ خالص 10 گرام سونا ₹1,02,160 میں فروخت ہوا۔ دہلی میں فی گرام قیمت ₹10,150 رہی، جب کہ نویڈا، گڑگاؤں، ممبئی، بنگلورو، کولکتہ اور چنئی میں ایک گرام سونے کی قیمت ₹10,135 درج کی گئی۔

نئی دہلی: عالمی منڈیوں میں جاری غیر یقینی صورتحال کے باعث سونے کی قیمتیں ریکارڈ بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔ سونے کے نرخوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس نے نہ صرف سرمایہ کاروں بلکہ عام صارفین کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔

منگل کے روز ملک بھر میں 24 کیرٹ خالص سونے کی 10 گرام قیمت نے ایک لاکھ روپے کی حد پار کر لی۔ دہلی، ممبئی، کولکتہ، چنئی سمیت تمام بڑے شہروں میں 24 کیرٹ خالص سونے کا ایک گرام 10,000 روپے سے زائد میں فروخت ہو رہا ہے۔

ملک میں سب سے زیادہ قیمت دہلی میں دیکھی گئی، جہاں 24 کیرٹ خالص 10 گرام سونا ₹1,02,160 میں فروخت ہوا۔ دہلی میں فی گرام قیمت ₹10,150 رہی، جب کہ نویڈا، گڑگاؤں، ممبئی، بنگلورو، کولکتہ اور چنئی میں ایک گرام سونے کی قیمت ₹10,135 درج کی گئی۔

مارکیٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتیں فی تولہ ₹1.50 لاکھ تک بھی پہنچ سکتی ہیں۔ امریکی ڈالر کی قدر میں کمی، امریکہ اور چین کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی، اور اسٹاک مارکیٹ کی غیر یقینی صورتحال کے سبب سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر اپنا رہے ہیں۔

اگرچہ اوپن مارکیٹ میں خریداروں کی دلچسپی کچھ کم دیکھی جا رہی ہے، تاہم جیولرز اور ریٹیلرز کی جانب سے مانگ میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے، جس سے قیمتوں میں مزید تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ اور دیگر ممالک کے درمیان تجارتی معاہدوں میں مزید کشیدگی بڑھی، تو سونے کی قیمتوں میں اضافہ کا یہ رجحان مزید تیز ہو سکتا ہے۔