آندھراپردیش

نائیڈو کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پر چیف منسٹر جگن کو نوٹس

چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) آندھراپردیش نے اتوار کے روز چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو نوٹس جاری کی ہے

امراوتی: چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) آندھراپردیش نے اتوار کے روز چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو نوٹس جاری کی ہے ان پر عوامی جلسوں میں اپنی تقاریر کے دوران ٹی ڈی پی سربراہ و سابق چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کے خلاف توہین آمیز تبصرے کا الزام ہے۔

سی ای او مکیش کمار مینا نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ کو پہلی نظر میں مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا ہے۔ سی ای او جگن موہن ریڈی سے کہا گیا ہے کہ وہ اندرون 48 گھنٹے ٹی ڈی پی لیڈر کی شکایت اور نائیڈو کے خلاف تبصروں پر اپنا موقف پیش کریں۔

مقررہ وقت میں اگر آپ کی جانب سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آتی ہے تو اسے یہ سمجھا جائے گا اس معاملہ پر آپ کے پاس کہنے کے لئے کچھ نہیں ہے اور آپ کے خلاف مناسب کارروائی کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ایک رپورٹ روانہ کی جائے گی۔

تلگودیشم پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری و پولٹ بیور و رکن ورلہ رامیا کی شکایت پر جگن کو یہ نوٹس جاری کی گئی۔ رامیا نے ریاست کے مختلف مقامات پر عوامی جلسوں کے دوران جگن کی تقاریر کا حوالہ دیا۔

ایک مقام پر تقریر کرتے ہوئے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے ٹی ڈی پی کے قومی صدر نائیدو کو مبینہ طور پر عادی مجرم قرار دیا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ نائیڈو نے عوام کو دھوکہ دینے کا پیشہ بنالیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے دعویٰ کیا کہ شکایت اور پن ڈرائیو میں فراہم کردہ جگن کی مختلف تقاریر کا جائزہ لینے کے بعد پہلی نظر میں یہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ ہے۔

a3w
a3w