مہاراشٹرا

ناندیڑ میں ہولی کے موقع پر دو مسلم نوجوانوں پر حملے کی واردات (ویڈیو)

ناندیڑ شہر کے ہنگولی گیٹ علاقہ میں پھول کی دکان پر کام کرنے والے دو مسلم نوجوانوں پر شرپسندوں نے حملہ کرتے ہوئے زخمی کردیا۔

ناندیڑ: ناندیڑ شہر کے ہنگولی گیٹ علاقہ میں پھول کی دکان پر کام کرنے والے دو مسلم نوجوانوں پر شرپسندوں نے حملہ کرتے ہوئے زخمی کردیا۔

واقعہ کی خبر عام ہوتے ہی وزیرآباد پولیس اسٹیشن میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ جمع ہوئے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ حالات بگڑتے دیکھ ضلع ایس پی شری کرشن کوکاٹے جائے واردات پہنچے اور فوری لوکل کرائم برانچ کی دو ٹیمیں تشکیل دے کر حملہ آوروں کی شناخت کر انہیں گرفتار کرنے کیلئے روانہ کردیا۔

پولیس اسٹیشن میں جمع لوگوں سے امن امان بنائے رکھنے اور کسی بھی طرح کی افواہیں نہ پھیلانے کی اپیل کی۔ حالات اس وقت کشیدہ ہوئے جبکہ سوشیل میڈیا پر ایک خبر پھیلنے لگی کہ شرپسندوں نے دو مسلم نوجوانوں پر حملہ کردیا ہے ایک کو زخمی کردیا ہے جبکہ دوسرے کو اغوا کرلیا گیا ہے اورا س کی جان کو بھی خطرہ ہے۔

اس خبر کے عام ہوتے ہی کثیر تعداد میں لوگ وزیرآباد پولیس اسٹیشن پہنچنے لگے اور پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران زخمی نوجوان کو پولیس اسٹیشن لے جایا گیا اور اس کی شکایت پر حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

ساتھ ہی اس کو علاج کے لئے گرو گویند سنگھ میموریل ہاسپٹل لے جایا گیا۔ زخمی نوجوان کی حالت ابھی ٹھیک ہے۔جبکہ دوسرا نوجوان کا بھی پتہ چل گیا ہے اس کو اغوا نہیں کیا گیا تھا بلکہ وہ حملے سے بچنے کیلئے خود ہی وہاں سے فرار ہوگیا تھا۔

اس دوران وہاں کسی بات پر مسلم نوجوانوں کے ساتھ بحث و تکرار ہوئی اور پھر مشتعل نوجوانوں نے مسلم نوجوانوں پر حملہ کردیا۔

اس واقعہ کے بعد مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں کے ذمہ داران، پولیس انتظامیہ سے نمائندگی کرنے وزیرآباد پولیس اسٹیشن کا رخ کیا۔ ضلع ایس پی شری کرشن کوکاٹے نے انہیں یقین دلایا کہ ملزمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

a3w
a3w