نیلوفرہاسپٹل سے 6 ماہ کا شیر خوار چوری ہوگیا
نیلوفر ہاسپٹل سے 6 ماہ کا شیر خوار چوری ہوگیا ہے۔ بچہ کے والد سلمان خان نے بتایا کہ ان کے بڑے فرزندکو قلب کی شکایت کے باعث کل ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا تھا۔
حیدرآباد: نیلوفر ہاسپٹل سے 6 ماہ کا شیر خوار چوری ہوگیا ہے۔ بچہ کے والد سلمان خان نے بتایا کہ ان کے بڑے فرزندکو قلب کی شکایت کے باعث کل ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا تھا۔
ان کی اہلیہ اپنے دونوں بچوں کے ساتھ نگہداشت کیلئے وہاں موجود تھیں اور شام 6:30 بجے وہ ٹفن لانے کیلئے نیچے اتری تھیں‘ کچھ دیر بعد جب وہ واپس آئی تو دیکھا کہ ان کا 6 ماہ کا دوسرا بیٹا فیصل خان وہاں موجود نہیں ہے۔
سلمان نے بتایا کہ اس واقعہ سے قبل پہلی منزل کے ایمرجنسی وارڈ میں ایک ہندو خاتون نیلی رنگ کی نائٹی اور زرد رنگ کا دوپٹے میں وہاں موجود تھی اور اس نے تلگو میں ان کی بیوی سے بات بھی کی تھی مگر جب وہ واپس آئی تو وہاں نہ ہی ان کا لڑکا موجود تھا اور نہ ہی وہ خاتون۔
انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ ہوسکتا ہے اسی خاتون نے ان کا بچہ چرالیا ہوگا۔ پولیس میں شکایت درج کروانے پر پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کررہی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ وارڈ کے سی سی ٹی وی کیمرے غیر کارکرد ہیں اس لئے صرف احاطہ کے باہر موجود سی سی ٹی وی کیمروں سے اس خاتون کا پتا چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر نامپلی کارپوریٹر عارف رضوان ہاسپٹل پہنچ گئے اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں اور ہسپتال کے سپرنٹنڈنٹ سے بات چیت کرتے ہوئے بچہ کو بازیاب کرنے کیلئے نمائندگی کی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نہ صرف ہسپتال بلکہ اطراف و اکناف کا علاقہ اور بس اسسٹیشنوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کررہی ہے۔