والد کی طرح میرے قتل کی بھی سازش : شرمیلا
سنسنی خیز تبصرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے والد کو سازش کے تحت قتل کیا گیا اور وہی افراد جو میرے والد کے قتل کی سازش میں شریک تھے، مجھے (شرمیلا) قتل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

حیدرآباد: وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا نے اپنے والد ومتحدہ آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر آنجہانی ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی موت کے بارے میں سنسنی خیز تبصرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے والد کو سازش کے تحت قتل کیا گیا اور وہی افراد جو میرے والد کے قتل کی سازش میں شریک تھے، مجھے (شرمیلا) قتل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
پرجا پرستھاناوا یاترا کے دوران آج محبوب نگر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شرمیلا نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو یاد دلایا کے وہ وائی ایس آر کی بیٹی ہیں اور وہ کسی سے خوف زدہ نہیں ہیں اور وہ دھمکیوں سے مرعوب بھی نہیں ہوں گی اور انہوں نے اسپیکر کے پاس شکایت بھی درج کراچکی ہیں۔
سازشی افراد، مجھے گرفتار کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ شرمیلا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جب تک زندہ رہیں گی تب تک وہ عوام کیلئے لڑتی رہیں گی۔ انہوں نے اس امر پر تاسف کا اظہار کیا کہ آنجہانی ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی بیٹی کی حیثیت سے ان کی توہین کی گئی۔
ایک وزیر کے توہین آمیز تبصرہ کے بعد انہوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی مگر پولیس نے ان کے خلاف کوئی کارروائی ہے اور نہ ہی انہیں معطل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر اور رنگاریڈی اضلاع کے تمام ارکان اسمبلی کیلئے بہتر ہوتا کہ اگر وہ عوام کی ترقی اور سرکاری اسکیمات کو موثر طور پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے مشترکہ طور پر مساعی انجام دیتے۔
شرمیلا نے سوال کیا کہ کیا ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور وزراء، ایک خاتون جو کرپشن کے خلاف اظہار خیال کررہی ہیں، سے خوفزدہ ہیں؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی ان کی پدیاترا روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ شرمیلا نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں طالبان جیسی حکومت چل رہی ہے۔
ان کے خلاف ٹی آر ایس قائدین کے نازیباتبصروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک وزیر نے انہیں ”مردالو“ کہا تو دوسرے نے مجھے (شرمیلا) گڑیا کہتے ہوئے میری توہین کی ہے۔ ایک وزیر کے تبصرہ پر وہ اپنی جدوجہد کوترک نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ محکمہ پولیس، ٹی آر ایس میں ضم ہوگیا اور حکمراں جماعت کے ورکرس، ٹی آر ایس آرمی کے طور پر کام کررہے ہیں اور ان کے خلاف ایک کیس درج کرایا گیا ہے۔