عباس انصاری کو یو پی اسمبلی سے نااہل قرار دے دیا گیا
اترپردیش کے رکن اسمبلی عباس انصاری کو جو گینگسٹر سے سیاستداں بنے مختار انصاری مرحوم کے لڑکے ہیں اترپردیش اسمبلی سے نااہل قراردے دیا گیا۔

لکھنؤ۔یکم/جون(پی ٹی آئی) اترپردیش کے رکن اسمبلی عباس انصاری کو جو گینگسٹر سے سیاستداں بنے مختار انصاری مرحوم کے لڑکے ہیں اترپردیش اسمبلی سے نااہل قراردے دیا گیا۔
وہ نفرت بھڑکانے کے ایک کیس میں خاطی قرارپائے تھے۔ سرکاری ذرائع نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔ عباس انصاری حلقہ اسمبلی مؤ کی نمائندگی کرتے تھے۔ اب یہ نشست مخلوعہ قراردے دی گئی ہے۔ ذرائع نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے رکن اسمبلی عباس انصاری کو خصوصی ایم پی۔ ایم ایل اے کورٹ نے ہفتہ کے دن 2022 کے ہیٹ اسپیچ کیس میں دوسال قید کی سزاء سنائی تھی۔
عوامی نمائندگی قانون کے تحت اگر عدالت کسی رکن کو 2 سال یا اُس سے زائد جیل کی سنائی تو اُس کی اسمبلی کی رکنیت ختم ہوجاتی ہے۔ عباس انصاری 2022 میں پہلی مرتبہ ایس بی ایس پی کے ٹکٹ پر مؤ صدر حلقہ سے رکن اسمبلی بنے تھے۔ اُس وقت اُن کی پارٹی سماج وادی پارٹی کے ساتھ تھی۔
فی الحال وہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کی حلیف ہے اور ریاست میں اُس کے پارٹی صدر کابینی وزیر ہیں۔ عباس انصاری سے قبل اُن کے والد مختار انصاری نے عرصہ تک حلقہ اسمبلی مؤ صدرکی نمائندگی کی تھی۔ باندہ ضلع جیل میں قید کے دوران مختار انصاری مارچ 2024 میں قلب پر حملہ کے باعث انتقال کرگئے۔
ربط پیدا کرنے پر ایس بی ایس پی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھر نے اتوار کے دن پی ٹی آئی کو بتایاکہ عباس انصاری ا ُن کی پارٹی کے رکن اسمبلی ہیں۔ عدالت نے اپنا فیصلہ سنایا ہے۔ ہم اپنا موقف بیان کرنے کیلئے ہائی کورٹ جائیں گے۔ عباس انصاری کے نااہل قرار پانے کے بعد ایس بی ایس پی کے پاس 403 رکنی یوپی اسمبلی میں 5 ارکان اسمبلی رہ گئے ہیں۔
اترپردیش اسمبلی کی ویب سائٹ کے بموجب جاریہ 18ویں اسمبلی میں نااہل قرار پانے والے دیگر ارکان میں اعظم خان (سماج وادی پارٹی) اُن کا بیٹا عبداللہ اعظم(سماج وادی پارٹی)، حاجی عرفان سولنکی (سماج وادی پارٹی)، وکرم سنگھ (بی جے پی) اور رام دلار(بی جے پی) شامل ہیں۔