بھارت

”وزیراعظم، ہم کو ہر روز 4 کنٹل گالیاں دیتے ہیں“:کھرگے

کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے آج وزیراعظم نریندرمودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ ملک کی قدیم سیاسی جماعت کو ”چارکنٹل گالیاں“ دیتے ہیں اور اس کے قائدین بشمول سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو نشانہ بناتے ہیں۔

وڈودرا: کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے وزیراعظم نریندرمودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ ملک کی قدیم سیاسی جماعت کو ”چارکنٹل گالیاں“ دیتے ہیں اور اس کے قائدین بشمول سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو نشانہ بناتے ہیں۔

ملیکارجن کھرگے گجرات کے ضلع وڈودراکے واگھوڈیا ٹاون میں ایک ریالی سے خطاب کررہے تھے۔ اسمبلی انتخاب کا پہلا مرحلہ منعقد ہوا جبکہ دوسرا مرحلہ 5 دسمبر کو ہوگا۔ کانگریس صدر نے کہا مودی جی بار بار یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ہم نے ان کی توہین کی ہے، وہ مجھ پر اور دیگر کانگریس قائدین پر الزام عائد کرتے ہیں کہ ہم ان کے خلاف ناشائستہ الفاظ کا استعمال کرتے ہیں۔

بعض مرتبہ مودی جی یہ کہتے ہیں کہ وہ غریب ہیں۔ کھرگے نے سوال کیا کہ آپ یہ کب تک کہتے رہیں گے کہ آپ غریب ہیں۔ یہ کس طرح ممکن ہے جبکہ آپ نے تقریبا ساڑھے تیرہ سال تک چیف منسٹر گجرات کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں اور گزشتہ 8 سال سے وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹر اور وزیراعظم کی حیثیت سے 20 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد مودی غریب ہیں تو پھر دلتوں، غریبوں اور قبائیلیوں کی حالت کا اندازہ کریں۔