ٹوئٹر پر اسپیکر کے خلاف الزام نہ لگائیں: اوم برلا
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ایوان میں ترنمول کانگریس کی ایم پی مہوا موئیتراکو مشورہ دیا کہ ٹیوٹر پر اسپیکر کے خلاف الزام نہیں لگایا جانا چاہئے۔

نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ایوان میں ترنمول کانگریس کی ایم پی مہوا موئیتراکو مشورہ دیا کہ ٹیوٹر پر اسپیکر کے خلاف الزام نہیں لگایا جانا چاہئے۔
برلا نے جمعرات کے دن کسی کا نام لئے بغیر کہاکہ لوک سبھا میں اسپیکر ایوان میں تمام اراکین پارلیمنٹ کو تقریر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ مگر چند اراکین اس کے برخلاف الزام لگانے کیلئے ٹوئٹر کا سہارا لیتے ہیں۔
انہوں نے اراکین پارلیمنٹ سے اسپیکر کے خلاف اس نوعیت کے الزامات نہ لگانے کیلئے کہا۔برلا نے اجلاس میں وقفہ صفر کے دوران ٹی ایم سی کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کو وزیر شہری ہوابازی جیوترآدتیہ سندھیا سے ایک سوال کرنے کا موقع دیا۔
برلا نے سندھیا کے جواب کے درمیان انہیں روک دیا اور ٹوئٹر واقعہ پر تبصرہ کیا۔ موئترا نے فروری میں بجٹ سیشن کے دوران الزام لگایا تھا کہ پریسائیڈنگ آفیسر نے انہیں تقریر کرنے کا موقع نہیں دیا‘ انہوں نے اس نوعیت کے دیگر الزامات لگائے تھے۔
برلا نے موئترا کے رویہ پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ صدر نشین پر ایوان کے اندر اور باہر تبصرہ کرنا ایوان کے وقار اورآداب کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سوشیل میڈیا یا دیگر جگہوں پر اس نوعیت کے تبصروں سے گریز کیا جانا چاہئے۔