کھیل

ٹیم انڈیا‘ ویمنس ایشیاء کپ کے سیمی فائنل میں داخل

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم ویمنز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ ہفتہ کو کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے بنگلہ دیش کو یکطرفہ انداز میں 59 رنز سے شکست دی۔

ڈھاکہ: ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم ویمنز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ ہفتہ کو کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے بنگلہ دیش کو یکطرفہ انداز میں 59 رنز سے شکست دی۔

اس ٹورنامنٹ میں پانچ میچوں میں ہندوستان کی یہ چوتھی جیت ہے اور ٹیم نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ آخری چار میاچس 13 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹیم انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 100 رنز ہی بناسکی۔ شیفالی ورما میچ کی بہترین کھلاڑی رہیں۔ انہوں نے 44 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی اور 4 اوورز میں صرف 10 رنز دیکر دو وکٹیں حاصل کیں۔

اوپنرز اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما نے ہندوستان کو اچھی شروعات دلائی۔ پاور پلے میں ہندوستان نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 59 رنز بنائے۔ ہندوستانی ٹیم 5.2 اوور میں 50 رنز بناچکی تھی۔ 10 اوورز کے اختتام پر ٹیم انیا کا اسکور بغیر کوئی وکٹ کھوئے 91 رنز تھا۔

ہندوستان کو پہلا جھٹکا 12ویں اوور کی آخری گیند پر لگا۔ مندھانا رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئیں۔ انہوں نے 38 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔ ساتھ ہی شیفالی ورما بھی 14.5 اوور میں رومانہ کے ہاتھوں بولڈ ہوگئیں۔ انہوں نے 44 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔ شیفالی نے اپنی اننگز میں 5 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔

ان کے اور مندھانا کے درمیان پہلی وکٹ کیلئے 96 رنز کی شراکت ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی جمائما روڈریگز نے 24 گیندوں پر ناقابل شکست 35 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے رومانہ احمد نے 4 اوورز میں 27 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ سلمیٰ خاتون نے 3 اوورز میں 16 رنز دیکر 1 وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی شروعات بھی اچھی رہی۔ بنگلہ دیش نے پاور پلے میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 30 رنز بنائے۔ اوپنرز فرقانہ حق اور مرشدہ خاتون نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ دونوں کے درمیان 45 رنز کی شراکت ہوئی۔

بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 10ویں اوور کی پہلی گیند پر سنیہ رانا نے مرشدا کو مندھانا کے ہاتھوں کیچ کرادی۔ خاتون نے 25 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔ ساتھ ہی ان کے آؤٹ ہونے کے بعد فرقانہ حق بھی 13.4 اوورز میں 68 رنز بناکر پویلین لوٹ گئیں۔ ان کی وکٹ بھی سنیہ رانا نے دیپتی کے ہاتھوں کیچ کرواکر حاصل کی۔ ٹیم انڈیا کی جانب سے اسنیہ رانا نے 2 اور دیپتی شرما نے 1 وکٹ حاصل کی۔

a3w
a3w