چھوٹے اُردو اخبارات کی مالی اعانت کیلئے درخواستیں مطلوب
تلنگانہ ریاستی اُردو اکیڈیمی کی جانب سے چھوٹے اُردو اخبارات‘ رسائل اور اردو الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو سال 2022-23کی مالی اعانت کے لئے درخواستیں مطلوب ہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ ریاستی اُردو اکیڈیمی کی جانب سے چھوٹے اُردو اخبارات‘ رسائل اور اردو الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو سال 2022-23کی مالی اعانت کے لئے درخواستیں مطلوب ہیں۔
محمد خواجہ مجیب الدین صدر تلنگانہ ریاستی اُردو اکیڈیمی نے اس سلسلہ میں صحافتی بیان میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اردو اکیڈیمی کی اسکیم ”چھوٹے اُردو اخبارات‘ ہفتہ وار‘ پندرہ روزہ اور اردو ماہنا مو ں اوراُرد و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو سال 2022-23کی مالی اعانت کیلئے متعلقہ درخواست گزار اپنی درخواستوں کے ساتھ RNI‘ بینک اکاؤنٹ نمبر‘بینک پاس بک یا چیک کی زیراکس‘آدھار کارڈ‘ پیان کارڈ کی زیراکس کے علاوہ تازہ اخبارات و رسائل کی تین کاپیاں اور 8,000/- روپے کی ایڈوانس رسید‘بل کی تین کاپیاں اور گذشتہ سال کی منظورہ رقم کے استعمال (یوٹیلائزیشن) سرٹفکیٹ‘ اسی طرح الیکٹرانک میڈیا کے نمائندے چیانل کا ID Card‘آدھار کارڈ‘ پیان کارڈ‘چیانل رجسٹریشن کی زیراکس‘ چیانل کا اجازت نامہ کی کاپی‘ ایڈوانس رسید اکیڈیمی کے جاری کردہ فارم کی خانہ پری کے ساتھ27مارچ 2023 تک صدر دفتر اُردواکیڈیمی‘ چوتھی منزل‘ حج ہاؤز‘نامپلی‘ حیدرآباد میں ذریعہ پوسٹ یا بالمشافہ داخل کرسکتے ہیں۔
صدر تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی نے اپنے صحافتی بیان میں بتایا کہ متعلقہ اسکیم کے فارم صدر دفتر اردواکیڈیمی سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔