چینی جہاز کا مسئلہ‘ بڑا سفارتی تنازعہ نہیں بنے گا: سری لنکن وزیر
ایک سوال کے جواب میں وزیر سیاحت نے کہا کہ سری لنکا چھوٹا ملک ہے اور ہر کسی سے اس کے تعلقات نہایت اچھے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہندوستان اس بات کو سمجھتا ہے۔ نئی دہلی کے ساتھ ہمارے بے حد اچھے سفارتی تعلقات ہیں۔
احمدآباد: چینی جہاز یووان وانگ 5کے سری لنکا کی ایک بندرگاہ میں لنگرانداز ہونے پر تشویش کے بیچ وہاں کے وزیر سیاحت ہرین فرناڈو نے ہفتہ کے دن احمدآباد میں کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ یہ بڑا سفارتی تنازعہ نہیں بنے گا کیونکہ ہندوستان صورتِ حال کو سمجھتا ہے۔
فرناڈو اپنے ملک کی سیاحت کو بڑھاوا دینے احمدآباد آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے سری لنکا میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔ ہندوستانی حکام نے چینی جہاز میں لگے جاسوسی آلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر سیاحت نے کہا کہ سری لنکا چھوٹا ملک ہے اور ہر کسی سے اس کے تعلقات نہایت اچھے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہندوستان اس بات کو سمجھتا ہے۔ نئی دہلی کے ساتھ ہمارے بے حد اچھے سفارتی تعلقات ہیں۔
ہندوستانی حکام‘ سری لنکا میں لنگرانداز چینی بحری جہاز کو جاسوسی جہاز مانتے ہیں۔ ہرین فرناڈو نے کہا کہ ہمارے ملک میں چینیوں نے بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔ وہ ماضی میں بھی ہماری ضروریات کا خیال رکھتے آئے ہیں لہٰذا میں امید کرتا ہوں کہ یہ بڑا سیاسی مسئلہ نہیں ہے۔
اسے حل کرلیا جائے گا۔ چینی بالسٹک مزائل اینڈ سٹیلائٹ ٹریکنگ شپ سری لنکا کی جنوبی بندرگاہ ہمبن ٹوٹا میں لنگرانداز ہے۔ اس بندرگاہ کو چین چلاتا ہے۔ وہ یہاں 22 اگست تک لنگرانداز رہے گا۔