کالی دیوی کی تصاویر پر تنازعہ‘ دی ویک کے خلاف ایف آئی آر درج
بھگوان شیو اور کالی دیوی کی قابل اعتراض تصاویر پر تنازعہ کے بیچ کانپور پولیس نے دی ویک کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
کانپور(یوپی): بھگوان شیو اور کالی دیوی کی قابل اعتراض تصاویر پر تنازعہ کے بیچ کانپور پولیس نے دی ویک کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
ہندو کارکنوں نے میگزین کی کاپیاں نذرآتش کیں اور ماہر معاشیات ببیک دیب رائے نے رسالہ سے اپنی وابستگی ختم کردی۔
کانپور کوتوالی پولیس نے بی جے پی کے سابق نائب ریاستی صدر پرکاش شرما کی شکایت پر جمعرات کو میگزین کے ایڈیٹراور مینجمنٹ کے خلاف کیس درج کرلیا۔
بجرنگ دل ورکرس نے جمعہ کے دن کانپور کے بڑا چوراہا پر میگزین کی کاپیاں نذرآتش کیں۔ انہوں نے کیرالا کے ملیالا منورما گروپ کی انگریزی میگزین کے ایڈیٹرس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم کی معاشی مشاورتی کونسل کے سربراہ ببیک دیب رائے نے 24 جولائی کے ایڈیشن میں ان کے آرٹیکل کے ساتھ لگائی گئی کالی دیوی کی تصویر پر بطور احتجاج ہفت روزہ اشاعت کے ساتھ اپنی وابستگی ختم کردی۔
دیوی دیوتاؤں کی تصویر پر حالیہ ہفتوں میں یہ دوسرا تنازعہ ہے۔ گزشتہ ماہ کینیڈا میں مقیم فلمساز لینا منی میکلائی نے اپنی ڈاکومنٹری کی تصویر شیئر کی تھی جس میں کالی دیوی کے لباس میں ایک عورت کو سگریٹ پیتے دکھایا گیا تھا۔