کرناٹک

کرناٹک میں بی جے پی نے انتخابی بگل بجادیا

کرناٹک میں برسرِ اقتداربی جے پی نے ریاست میں انتخابی بگل بجادیا ہے۔ وہ پیر سے پے درپے کنونشن کرنے والی ہے۔

بنگلورو: کرناٹک میں برسرِ اقتداربی جے پی نے ریاست میں انتخابی بگل بجادیا ہے۔ وہ پیر سے پے درپے کنونشن کرنے والی ہے۔ 20نومبر کو بیلاری میں شیڈولڈٹرائب مورچہ کنونشن ہوگا جبکہ میسور میں 30نومبر کو ایس سی مورچہ ریالی نکالی جائے گی۔ چیف منسٹر بسواراج بومئی نے یہ اعلان کیا۔

انہوں نے اتوار کے دن بنگلورو میں اخباری نمائندوں کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ پیر کے دن سے جن سنکلپ یاترا بحال ہوجائے گی اور یہ مسلسل تین دن اضلاع اڑپی‘گدگ‘ ہاویری اور بیلگاوی میں جاری رہے گی۔

جن سنکلپ یاترا دسمبر تک چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کا ریسپانس بے حد اچھا رہا ہے اور اس باریہ یاترا ممبئی۔کرناٹک ریجن میں نکالی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی 11نومبر کو تین اہم تقاریب میں شرکت کیلئے کرناٹک آرہے ہیں۔

وہ وندے بھارت چینائی۔بنگلورو۔میسورو ہائی اسپیڈٹرین کو جھنڈی دکھائیں گے۔ بنگلورو کے کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایرپورٹ کے دوسرے ٹرمنل کا افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ بنگلوروایرپورٹ کے قریب نارداپربھوکیمپے گوڑا کے 108 فٹ بلند مجسمے کی نقاب کشائی بھی کریں گے۔ بنگلورو ایرپورٹ میں دوسرا ٹرمنل اس لئے ضروری ہوگیاتھا کہ بین الاقوامی مسافرین کی تعداد بڑھ گئی ہے۔

نئے ٹرمنل کی گنجائش 25لاکھ مسافرین ہینڈل کرنے کی ہوگی۔ بین الاقوامی مسافرین کیلئے 100کاؤنٹرس ہوں گے۔ ٹرمنل I اور ٹرمنلII کو ملالیاجائے تو دہلی ایرپورٹ کے بعد بنگلورو ایرپورٹ ملک کا دوسرا بڑا ایرپورٹ بن جائے گا۔

چیف منسٹر بومئی نے کہا کہ بنگلورو ایرپورٹ ٹرمنل II سے سیاحت کے علاوہ صنعت‘ آئی ٹی /بی ٹی‘ آراینڈ ڈی سیکٹرس کو بڑھاوا ملے گا۔ بسواراج بومئی نے کہا کہ ناداپربھوکیمپے گوڑا دور اندیش راجہ تھے۔ اسی وجہ سے ان کے مجسمے کو مجسمہ خوشحالی کا نام دیاگیا ہے۔

ہونالی کے بی جے پی رکن اسمبلی ایم پی رینوکاچاریہ کے بھتیجہ یا بھانجہ کی پراسرار موت کے بارے میں پوچھنے پر بومئی نے کہا کہ میں رکن اسمبلی سے بات کرچکا ہوں اور ان کے پاس جو بھی جانکاری ہے وہ لے چکا ہوں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد لگ بھگ سچائی سامنے آجائے گی اور اس کے بعد تحقیقات کے تعلق سے فیصلہ کیاجائے گا۔ واقعہ کی تمام زاویوں سے تحقیقات ہوں گی۔