کے سی آر پر امکانی شکست کا خوف: کشن ریڈی
گذشتہ روز ٹی آر ایس قائد کی جانب سے مرکز کے خلاف پارلیمنٹ میں جنگ کرنے کے متعلق دئیے گئے بیان پر تنقید کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے کہا کہ پارلیمنٹ جنگ کیلئے نہیں بلکہ عوامی مسائل پر غور وخوص کرتے ہوئے ان مسائل کا حل دریافت کرنے کا مقام ہے۔
حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں حکمراں جماعت ٹی آر ایس پر امکانی شکست کا خوف طاری ہے۔ آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو زبردست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کے سی آر، روز بروز عوام میں غیر مقبول ہوتے جارہے ہیں۔
اس خوف کو مٹانے کیلئے وہ بی جے پی کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کررہے ہیں۔ اپنی آمرانہ طرز حکمرانی سے عوام کی توجہ ہٹانے، اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کرنے کیلئے وہ مرکزی حکومت کے خلاف الزامات عائد کررہے ہیں۔
گذشتہ روز ٹی آر ایس قائد کی جانب سے مرکز کے خلاف پارلیمنٹ میں جنگ کرنے کے متعلق دئیے گئے بیان پر تنقید کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے کہا کہ پارلیمنٹ جنگ کیلئے نہیں بلکہ عوامی مسائل پر غور وخوص کرتے ہوئے ان مسائل کا حل دریافت کرنے کا مقام ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی حکومت ریاست سے سابق میں دھان کی خریداری کے متعلق کئے گئے معاہدے پر صدفیصد عمل کرنے تیار ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مرکزی حکومت کو فراہم کردہ رپورٹس کی بنیاد پر مرکزی ٹیمیں ریاست کا دورہ کریں گی اور سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی امداد کا اعلان کیا جائے گا۔