شمالی بھارت

گجرات میں 1200کروڑکا کریڈٹ اسکام

گجرات اسٹیٹ گڈس اینڈسرویس ٹیکس (جی ایس ٹی) نے اے ٹی ایس اور کرائم برانچ کے ساتھ مشترکہ کاروائی میں 115 فرمس کے ملکیتی 205 دفاتر اور کارخانوں کی تلاشی لی۔

احمدآباد: گجرات اسٹیٹ گڈس اینڈسرویس ٹیکس (جی ایس ٹی) نے اے ٹی ایس اور کرائم برانچ کے ساتھ مشترکہ کاروائی میں 115 فرمس کے ملکیتی 205 دفاتر اور کارخانوں کی تلاشی لی۔

اس نے 1200کروڑ روپیوں کے مبینہ کریڈٹ اسکام کے سلسلہ میں 91 افراد سے پوچھ تاچھ بھی کی۔ سرچ آپریشن ہفتہ کی صبح شروع ہواتھا۔

جی ایس ٹی کے بعض عہدیداروں سے بھی ان کی مبینہ ملی بھگت کیلئے پوچھ تاچھ ہوئی۔ 14اضلاع میں بیک وقت سرچ آپریشن کیاگیا۔

اسکراپ میٹل‘کیمکلس اور آئرن راڈس کا کاروبار کرنے والی یہ کمپنیاں جھوٹے بل تیارکرکے ریاستی حکومت سے بھاری کریڈٹ لے رہی تھیں۔

عہدیداروں نے بل بکس‘ لیاپ ٹاپس اور پن ڈرائیوز ضبط کرلئے۔ انہوں نے کلاؤڈ کمپیوٹنگ سے ڈاٹا ریٹریو کرلیا تاکہ فرضی معاملتوں کا پتہ چلے۔

ابتدائی جانکاری ہے کہ یہ اسکام گذشتہ 6ماہ سے احمدآباد‘سورت‘بھاؤنگر اور وڈودرا میں چل رہا تھا۔ سرچ ٹیموں کو شبہ ہے کہ عہدیداروں کے ملی بھگت کے بغیر 6ماہ سے اتنا بڑا اسکام نہیں چل سکتا۔