گیان واپی مسجد کیس کی سماعت 12 جولائی تک ملتوی
وارانسی کی عدالت نے پیر کے دن گیان واپی کیس کی سماعت 12 جولائی تک ملتوی کردی۔ مسلم فریق کے وکیل ابھئے ناتھ یادو نے عدالت میں 51کے منجملہ 47 دلیلیں دیں۔
وارانسی: وارانسی کی عدالت نے پیر کے دن گیان واپی کیس کی سماعت 12 جولائی تک ملتوی کردی۔ مسلم فریق کے وکیل ابھئے ناتھ یادو نے عدالت میں 51کے منجملہ 47 دلیلیں دیں۔
توقع ہے کہ ان کی بحث منگل کو مکمل ہوجائے گی۔ مسلم فریق کے وکلاء نے 1669 سے تاریخ بیان کی۔ انہوں نے قانونی مسائل اٹھائے اور آزادی سے پہلے اور آزادی کے بعد کے کیسس کا ذکر کیا۔
مسلم فریق 1669 سے گیان واپی مسجد سے جڑے تمام کیسس اور مسائل پر بحث کررہا ہے۔ عدالت کے باہر تعینات پولیس فورس کو تقریباً 40 افراد کی فہرست دی گئی تھی کہ صرف ان ہی لوگوں کو اندر آنے دیا جائے۔
کسی اور کو داخل ہونے نہ دیا جائے۔ میڈیا کو بھی روک دیا گیا۔ گیان واپی مسجد سروے معاملہ میں ہندو فریق کے وکیل وشنو جین نے بتایا کہ مسلم فریق نے اپنے دلائل دیئے۔
اگلی تاریخ سماعت 12 جولائی مقرر کی گئی۔ 30مئی کو ضلع عدالت نے انجمن انتظامیہ مساجد کی درخواست پر سماعت 4 جولائی تک ملتوی کردی تھی۔