غزہ پر صہیونی حملوں میں مزید 62 فلسطینی شہید، جھڑپوں میں مزید 4 اسرائیلی فوجی ہلاک
لبنان کے دارالحکومت بیروت پر بھی اسرائیل کے فضائی حملے جاری ہیں، 7 اکتوبر کے بعد سے لبنان پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے شہریوں کی تعداد 3ہزار 243 تک جاپہنچی۔
غزہ: فلسطین پر قابض اسرائیلی فوج کے غزہ میں زمینی اور فضائی حملوں میں مزید 62 فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج نے غزہ میں جھڑپ کے دوران مزید 4 صہیونی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی، غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے مرنے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 376 ہوگئی۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت پر بھی اسرائیل کے فضائی حملے جاری ہیں، 7 اکتوبر کے بعد سے لبنان پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے شہریوں کی تعداد 3ہزار 243 تک جاپہنچی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے فلسطینی طبی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ وسطی اور جنوبی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں تیزی کے بعد مزید 37 فلسطینی شہید ہوگئے، پیر کو رات گئے خان یونس میں ایک کیفے کے قریب فضائی حملے میں 7 فلسطینی شہید ہوئے۔
متاثرہ مقام سے نصف میل کے فاصلے پر رہائش پذیر 25 سالہ محمد نے چیٹ ایپ کے ذریعے رائٹرز کو بتایا کہ کچھ افراد انخلا نہیں کرسکے اور گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے اور باہر نکلنے کی جبکہ دیگر افراد جو سامان ہاتھ آیا لیکر گھروں سے نکل گئے، بیت لاہیا کے قریب کمال عدوان اسپتال پر اسرائیلی ڈرون کے حملے میں طبی عملے کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔
الجزیرہ کے وسطی غزہ کے علاقے دیر البلاح میں موجود نمائندے ہانی محمود نے بتایا کہ منگل کی صبح سے جاری متعدد اسرائیلی حملوں میں کم ازکم 25 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں کم ازکم 11 افراد جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے شمالی علاقے المواسی میں پناہ گزینوں کے خیموں پر کی گئی اسرائیلی بمباری میں شہید ہوئے۔
انہوں نے بتا یا کہ شہدا میں 2 بچے اور 3 کم سن بھی شامل ہیں جو کیفے میں اپنی پسندیدہ ٹیم کا فٹبال میچ دیکھ رہے تھے جبکہ 2 افراد وسطی غزہ کے نصیرت مہاجر کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوئے جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دبے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ غزہ سٹی کے شمالی علاقے الجلاعا میں ایک گھر پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم ازکم 8 افراد شہید ہوگئے۔
وسطی غزہ کے علاقے دیر البلاح میں النور مسجد کے قریبی گنجان آباد علاقے میں اسرائیلی حملے میں کم ازکم 6 فلسطینی شہید جبکہ کم ازکم 10 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
دریں اثنا اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں مزید 4 صہیونی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی، خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ چاروں اہلکار پیر کو ہونے والی ایک جھڑپ میں نشانہ بنے تھے، غزہ میں اسرائیل کی زمینی کارروائی کے آغاز کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 376 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
ادھر لبنان کے دارلحکومت بیروت میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے جاری ہیں، بیروت کے جنوبی نواحی علاقے میں اسرائیلی فوج نے 11 عمارتوں سے انخلا کے احکامات جاری کردیے۔
خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے لبنانی شہریوں کی تعداد 3ہزار 243 تک جاپہنچی جن میں سے اتوار کو کیے گئے حملوں میں 54 افراد شہید اور 56 زخمی ہوگئے۔