شمالی بھارت

عوام‘ بھگوا جماعت پر بلڈوز چلادیں گے: ممتا بنرجی

چیف منسٹر مغربی بنگال اور صدر آل انڈیا ترنمول کانگریس ممتا بنرجی نے پیر کے دن کہا کہ 2024 کا لوک سبھا الیکشن مرکز میں نئی حکومت منتخب کرنے کے لئے نہیں ہوگا بلکہ یہ بی جے پی کو مسترد کرنے کے لئے ہوگا۔

کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال اور صدر آل انڈیا ترنمول کانگریس ممتا بنرجی نے پیر کے دن کہا کہ 2024 کا لوک سبھا الیکشن مرکز میں نئی حکومت منتخب کرنے کے لئے نہیں ہوگا بلکہ یہ بی جے پی کو مسترد کرنے کے لئے ہوگا۔

انہوں نے کولکتہ میں ایک کانکلیو سے خطاب میں ”بلڈوزر سیاست“ کے حالیہ رجحان کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اسی کی زبان میں جواب دیں گے یعنی اسے اقتدار سے بلڈوز کردیں گے۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی اقتدار کا بے جا استعمال کررہی ہے جس سے عوام اور جمہوریت پر بلڈوزر چل رہا ہے لیکن 2024 میں ملک کے عوام اسے اقتدار سے بلڈوز کردیں گے۔ 2024 کا لوک سبھاالیکشن بی جے پی اور اپوزیشن کے درمیان نہیں بلکہ بی جے پی بمقابلہ ملک کے عوام ہوگا۔

اسی لئے میں کہہ رہی ہوں کہ اگلا الیکشن‘ سلکشن کے لئے نہیں ہوگا بلکہ ریجکشن یعنی بی جے پی کو مسترد کرنے کے لئے ہوگا۔ بھتیجہ ابھیشیک بنرجی کو بڑھاوا دینے پر بی جے پی کے مسلسل طنز کا جواب دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے سوال کیا کہ ابھیشیک کو کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے؟ کیا شیخ حسینہ نے اپنے والد شیخ مجیب الرحمن سے کمان نہیں سنبھالی؟

کیا اترپردیش کے عوام نے ملائم سنگھ یادو کے بعد ان کے بیٹے اکھلیش یادو کو قبول نہیں کیا؟۔ ممتا بنرجی نے الزام عائد کیا کہ مہاراشٹرا میں اُدھو ٹھاکرے کی حکومت کو گرانے شیوسینا کے باغیوں کو بی جے پی نے رقم کے علاوہ کچھ اور دیا ہے۔ میں تفصیلات نہیں بتاؤں گی۔ یہ ایم یا ڈبلیو ہوسکتا ہے۔

اب سب کو سمجھ لینا چاہئے۔ میرے پاس ساری جانکاری ہے لیکن میں زیادہ کچھ نہیں بولوں گی۔ بعض اوقات خاموشی بہت کچھ بیان کردیتی ہے۔ کسی نہ کسی وقت سب کچھ سامنے آجائے گا۔ انہوں نے تردید کی کہ 2021 کے اسمبلی الیکشن کے بعد مغربی بنگال میں تشدد برپا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی اور اس کے بااعتماد میڈیا گروپس کا پروپگنڈہ ہے۔ تشدد میں مارے گئے 21 افراد میں 16 ترنمول کانگریس کے رکن تھے۔ ان میں 4 بی ایس ایف کی فائرنگ میں مارے گئے۔ اب ان سب کا شمار مابعد الیکشن تشدد میں کیا جارہا ہے۔

ایسے جھوٹ پھیلانے کے لئے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا ذمہ دار ہیں۔ ممتا بنرجی کے الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مغربی بنگال میں بی جے پی کے ترجمان شامک بھٹاچاریہ نے کہا کہ اصل میں چیف منسٹر ملک بھر میں بی جے پی کی بڑھتی مقبولیت سے گھبراگئی ہیں۔ 2024 کا لوک سبھا الیکشن ثابت کرے گا کہ بی جے پی کو اور بھی زیادہ عوامی تائید حاصل ہے۔

a3w
a3w