قومی

منی پور کیلئے 19 ترقیاتی پروجیکٹس کا آغاز، مودی نے امن و خوشحالی کا تیقن دیا

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے دن تیقن دیا کہ وہ اور حکومت ِ ہند ہمیشہ منی پور کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ سرحدی ریاست میں امن اور خوشحالی یقینی بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔

امپھال (آئی اے این ایس) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے دن تیقن دیا کہ وہ اور حکومت ِ ہند ہمیشہ منی پور کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ سرحدی ریاست میں امن اور خوشحالی یقینی بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔

چوڑا چند پور میں پیس گراؤنڈ سے منی پور کے مختلف حصوں کے لیے 7,300 کروڑ کے 19 ترقیاتی پروجیکٹس کا سنگ ِ بنیاد رکھتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امن کے لیے ترقی ضروری ہے۔ یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ تشدد نے منی پور کو متاثر کیا ہے، وزیر اعظم نے بتایا کہ مختلف نسلی گروپس کے ساتھ بات چیت شروع ہوچکی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سبھی سے میری اپیل ہے کہ امن کی بحالی اور سبھی کے لیے خاص طور پر آنے والی نسلوں کے لیے ترقی یقینی بنانے میں حکومت کی مدد کریں۔ پیس گراؤنڈ میں جلسہ سے خطاب سے قبل وزیر اعظم نے ریلیف کیمپس میں رہنے والوں سے بات چیت کی۔

منی پور میں مئی 2023 میں پھوٹ پڑے تشدد کے بعد سے ہزاروں مرد، عورتیں اور بچے ریلیف کیمپس میں رہ رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شمال مشرقی ریاستوں میں کئی نسلی دشمنیاں بات چیت کے ذریعہ رکی ہیں۔ منی پور میں امن اور ترقی کو مزید بڑھاوا دیا جائے گا۔

منی پور سرحدی ریاست ہے اور کنکٹیویٹی کبھی یہاں کا بڑا مسئلہ تھی۔ 2014 سے روڈ، ریل اور ایر کنکٹیویٹی کے لیے مسلسل کوششیں کی گئیں۔ بجٹ میں رقومات بھی بڑھائی گئیں۔ 3,700 کروڑ روپئے قومی شاہراہوں پر خرچ کیے گئے۔ نئی شاہراہوں کے لیے 8,700 کروڑ روپئے کے پروجیکٹس اب چل رہے ہیں۔

منی پور کو 22 ہزار کروڑ کی لاگت سے ریلوے کنکٹیویٹی دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ امپھال ایرپورٹ سے ریاست کے دور دراز مقامات کے لیے مزید ہیلی کاپٹرس چلائے جائیں گے۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ ریاست کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ تشدد کے باعث بے گھر ہونے والوں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ متاثرین کے لیے 7 ہزار مکانات تعمیر کیے جارہے ہیں۔ ریاست کو 3 ہزار کروڑ کا خصوصی پیکیج دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے قبائلیوں کے مسائل کا پتہ ہے۔