جموں و کشمیر

جموں کے ڈومانہ میں 2 جعلی جے ایم سی اہلکار گرفتار: پولیس

ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزمان خود کو جے ایم سی کے اہلکار ظاہر کرتے ہوئے مکانات کی تعمیر سے متعلق سرکاری کارروائیوں کے نام پر جھوٹے دعوے کر رہے تھے اور انہوں نے اپنی جعلی شناخت کے ذریعے متاثرہ افراد کو دستاویزات کی تیاری کے بہانے آن لائن ٹرانزیکشن اور نقد رقم دینے پر آمادہ کیا۔

جموں: جموں پولیس نے ایک موثر کارروائی میں ڈومانہ علاقے میں نقالی اور دھوکہ دہی کے ایک منظم ریکیٹ کا پردہ فاش کرکے دو افراد کو گرفتار کیا ہے جو خود کو جموں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) کے اہلکار ظاہر کر رہے تھے۔

ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزمان خود کو جے ایم سی کے اہلکار ظاہر کرتے ہوئے مکانات کی تعمیر سے متعلق سرکاری کارروائیوں کے نام پر جھوٹے دعوے کر رہے تھے اور انہوں نے اپنی جعلی شناخت کے ذریعے متاثرہ افراد کو دستاویزات کی تیاری کے بہانے آن لائن ٹرانزیکشن اور نقد رقم دینے پر آمادہ کیا۔

ملزموں کی شناخت محمد شبیق ولد غلام حسین اور محمد ظفر ولد محمد صدیق ساکنان اپر ٹھاٹھر بن تالاب جموں کے طور پر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن ڈومانہ میں موصولہ شکایت اور اطلاعات کی بنیاد پر پولیس نے فوری کارروائی کی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جے ایم سی سے کی گئی تصدیق میں واضح ہوا کہ مذکورہ افراد کا جے ایم سی سے کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے جس سے فراڈ کی تصدیق ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ڈومانہ میں بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر23/2026 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور تفیتش آغاز کیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ مسلسل اور مربوط کوششوں کے نتیجے میں ملزموں کو مقدمے کے اندراج کے 48 گھنٹوں کے اندر ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ تفتیش کے دوران متاثرہ افراد سے لی گئی نقدی رقم بھی ملزموں کے قبضے سے بر آمد کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس ریکیٹ کے وسیع تر روابط اور مکمل نیٹ ورک کا پتہ لگایا جاسکے۔