دیگر ممالک

یونان میں ٹرینوں کی ٹکر‘ 32 ہلاک

منگل کو آدھی رات سے قبل ٹمپی ٹاؤن کے قریب ٹکر کے بعد کم ازکم 3 ڈبوں میں آگ لگ گئی۔ ریسکیو ورکرس فلڈ لائٹس کے ساتھ چہارشنبہ کی صبح تک بچاؤ اور راحت کاری میں دیوانہ وار مصروف تھے۔ حادثہ میں بچنے والوں نے کہا کہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کئی مسافرین کھڑکیوں سے باہر جاگرے۔

ٹمپی(یونان): ایک پاسنجر ٹرین جس میں سینکڑوں افراد سوار تھے‘ شمالی یونان میں سامنے سے آنے والی مال گاڑی سے تیز رفتار سے ٹکراگئی۔ 32  افراد ہلاک اور کم ازکم 85  زخمی ہوگئے۔ عہدیداروں نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی۔ کئی ڈبے پٹری سے اترگئے۔

منگل کو آدھی رات سے قبل ٹمپی ٹاؤن کے قریب ٹکر کے بعد کم ازکم 3 ڈبوں میں آگ لگ گئی۔ ریسکیو ورکرس فلڈ لائٹس کے ساتھ چہارشنبہ کی صبح تک بچاؤ اور راحت کاری میں دیوانہ وار مصروف تھے۔ حادثہ میں بچنے والوں نے کہا کہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کئی مسافرین کھڑکیوں سے باہر جاگرے۔

علاقائی گورنر نے کہا کہ ڈبہ نمبر 1  اور ڈبہ نمبر 2 کا وجود باقی نہیں رہا جبکہ تیسرا ڈبہ پٹری سے اترگیا۔ ٹکر کی وجہ فوری معلوم نہ ہوسکی۔ ریلوے کے 2 عہدیداروں سے پولیس پوچھ تاچھ کررہی ہے لیکن انہیں حراست میں نہیں لیا گیا ہے۔

 معمولی زخمی ہونے والوں یا محفوظ رہنے والے مسافرین کو بسوں کے ذریعہ ان کی منزل کی طرف بھیج دیا گیا۔ ایک کمسن مسافر نے جس نے اپنا نام نہیں بتایا‘ کہا کہ ٹکر سے قبل اس نے محسوس کیا کہ ٹرین کو پوری قوت سے بریک لگا اور چنگاریاں نکلنے لگیں۔

اس کے بعد ٹرین اچانک رک گئی۔ ہمارا ڈبہ پٹری سے نہیں اترا لیکن سامنے والا ڈبہ پٹری سے اترا اور تباہ ہوگیا۔ پہلے ڈبہ میں آگ لگ گئی۔   ہیلنک ٹرین نے حالیہ عرصہ میں ہائی اسپیڈ سرویسس کا اضافہ کیا ہے۔ اٹلی کا ایف ایس گروپ اسے چلاتا ہے۔