مزید 33 اپوزیشن ارکان، لوک سبھا سے معطل
لوک سبھا نے پیر کے دن 33 اپوزیشن ارکان بشمول ادھیر رنجن چودھری‘ ٹی آر بالو اور سوگت رائے کو پارلیمنٹ سیکوریٹی چُوک کے مسئلہ پر پلے کارڈس دکھانے اور نعرے بازی کرنے پر ایوان سے معطل کردیا۔
نئی دہلی: لوک سبھا نے پیر کے دن 33 اپوزیشن ارکان بشمول ادھیر رنجن چودھری‘ ٹی آر بالو اور سوگت رائے کو پارلیمنٹ سیکوریٹی چُوک کے مسئلہ پر پلے کارڈس دکھانے اور نعرے بازی کرنے پر ایوان سے معطل کردیا۔
اپوزیشن ارکان نے ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالا تھا۔ وہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے بیان دینے کا مطالبہ کررہے تھے۔
30ارکان کو مابقی سرمائی اجلاس تک معطل کردیا گیا جبکہ کانگریس کے 3 ارکان کی معطلی مراعات کمیٹی کی رپورٹ آنے تک جاری رہے گی۔
30 معطل ارکان میں ڈی ایم کے 10‘ ترنمول کانگریس 9‘ کانگریس 8‘ انڈین یونین مسلم لیگ‘ جنتادل یو اور آر ایس پی فی کس 1 شامل ہیں۔ گزشتہ ہفتہ 13 اپوزیشن ارکان کو لوک سبھا سے اور ایک رکن کو راجیہ سبھا سے معطل کیا گیا تھا۔ اب معطل اپوزیشن ارکان کی جملہ تعداد 47 ہوگئی ہے۔
آج 33 ارکان کی معطلی کے فوری بعد لوک سبھا اجلاس کل تک کے لئے ملتوی ہوگیا۔ پیر کے دن معطل ہونے والے ارکان میں ادھیر رنجن چودھری‘ گورو گوگوئی‘ اے راجہ‘ دیاندھی مارن‘ ای ٹی محمد بشیر‘ این کے پریم چندرن اور دیگر شامل ہیں۔
اسپیکر پوڈیم پر چڑھ کر نعرے بازی کرنے والے 3 کانگریس ارکان کے جیہ کمار‘ وجئے وسنت اور عبدالخالق کو مراعات کمیٹی کی رپورٹ آنے تک معطل رکھا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس سیکوریٹی چُوک مسئلہ پر باربار ملتوی ہورہا ہے۔
آئی اے این ایس کے بموجب اپوزیشن ارکان ِ پارلیمنٹ کی ہنگامہ آرائی کے بیج لوک سبھا اجلاس منگل 11 بجے دن تک ملتوی کردیا گیا۔ سرمائی اجلاس تک معطل ہونے والوں میں کانگریس کے قائد ایوان ادھیر رنجن چودھری شامل ہیں۔ وزیر پارلیمانی امور پرہلاد جوشی نے ارکان ِ پارلیمنٹ کی معطلی کی تحریک پیش کی تھی۔