امریکہ و کینیڈا

امریکی ریاست ہوائی میں خوفناک آتشزدگی، 36 ہلاک، تاریخی قصبہ صفحہ ہستی سے مٹ گیا

امریکی سینیٹر برائن شیٹز نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بتایا لوہانیا تقریباً مکمل طور پر جل چکا ہے، ابھی تک بڑے پیمانے پر آگ لگی ہوئی ہے اور فائر فائٹرز تاحال آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

واشنگٹن: امریکی ریاست ہوائی کی کاؤنٹی ماؤوی کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی سے لاہینا کا پورا تاریخی قصبہ جل کر راکھ ہو گیا جبکہ مختلف حادثات میں ہلاک افراد کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔

ریاست ہوائی سے امریکی سینیٹر برائن شیٹز نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بتایا لوہانیا تقریباً مکمل طور پر جل چکا ہے، ابھی تک بڑے پیمانے پر آگ لگی ہوئی ہے اور فائر فائٹرز تاحال آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق اطلاعات ملی تھیں کہ کئی افراد نے تیز ہواؤں کی وجہ سے پھیلنے والے آگ کے شعلوں سے بچنے کے لیے سمندر میں چھلانگ لگائی تھی جس میں سے تقریباً ایک درجن افراد کو بچایا گیا ہے۔

کاؤنٹی ماؤوی کے میئر رچرڈ بسن جونیئر کا کہنا ہے کہ کئی مکانات اور کاروباری ڈھانچے مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ 12000 نفوس پر مشتمل قصبے لاہینا کے ایک رہائشی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ساحل پر کھڑی تمام کشتیاں بھی جل کر خاکستر ہو گئیں، اور کشتیوں کے جلنے کا منظر ایسا لگ رہا تھا جیسے یہ کسی جنگی فلم کا سین ہو۔

خیال رہے کہ امریکی ریاست ہوائی کی کاؤنٹی ماؤوی کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے اب تک کم ازکم 6 افراد ہلاک اور سینکڑوں بے گھر ہو گئے ہیں۔

ریاست ہوائی کے گورنر کا کہنا ہے کہ آگ سے ہونے والے نقصان کا مکمل اندازہ لگانے میں مہینوں لگ سکتے ہیں جبکہ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ کاؤنٹی میں 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث آگ کو بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔