مشرق وسطیٰ

غزہ میں 40 فلسطینی جاں بحق، اسرائیلی وزیراعظم کی امریکی صدر سے دوسری ملاقات

غزہ پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم ازکم 40 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ دواخانہ کے عہدیداروں نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی جبکہ بین الاقوامی ثالث جنگ بندی معاملت کو قطعیت دینے میں مصروف ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم بن یامن نتن یاہو نے وائٹ ہاؤز میں منگل کی شام امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی۔

دیرالبلح(غزہ پٹی) (اے پی) غزہ پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم ازکم 40 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ دواخانہ کے عہدیداروں نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی جبکہ بین الاقوامی ثالث جنگ بندی معاملت کو قطعیت دینے میں مصروف ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم بن یامن نتن یاہو نے وائٹ ہاؤز میں منگل کی شام امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی۔

2 دن میں یہ ان کی دوسری ملاقات تھی۔ ٹرمپ جنگ بندی پر زور دے رہے ہیں۔ ممکن ہے ان کے زور دینے سے غزہ میں 21 ماہ سے جاری جنگ ختم ہوجائے۔ اسرائیل اور حماس‘ امریکہ کی تائیدی نئی جنگ بندی تجویز پر غور کررہے ہیں۔ جنوبی شہر خان یونس کے ناصر ہاسپٹل نے بتایا کہ مرنے والوں میں 17 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔

اسرائیلی حملہ میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد بشمول 3  بچوں کی جان گئی۔ اسرائیلی فوج نے کسی ایک مخصوص حملہ پر تبصرہ نہیں کیا لیکن یہ ضرور کہا کہ اس نے کل غزہ میں 100 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا تھا۔ کئی فلسطینیوں کی نظر جنگ بندی مذاکرات پر ہے۔

وہ چاہتے ہیں کہ جنگ جلد سے جلد ختم ہوجائے۔ منگل کے دن نتن یاہو نے واشنگٹن میں کہا کہ اسرائیل کی 77 سالہ تاریخ میں آج اسرائیل اور امریکہ کے درمیان تال میل و تعاون پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔ ٹرمپ کے قاصد برائے مشرق ِ وسطیٰ اسٹیو وٹکاف‘ قطری دارالحکومت دوحہ جانے والے ہیں تاکہ جنگ بندی تجویز پر حماس کے ساتھ بالواسطہ بات چیت جاری رہے۔

انہوں نے منگل کے دن کہا کہ جن 3 اہم نکات پر اختلاف تھا وہ اب دور ہوگیا ہے لیکن ایک اہم مسئلہ ابھی بھی برقرارہے۔ انہوں نے اس کی وضاحت نہیں کی۔ امریکی صدر سے دوسری ملاقات کے بعد نتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے اور ٹرمپ نے ایران پر عظیم فتح پر بھی بات چیت کی۔

واشنگٹن سے یو این آئی کے بموجب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کی شام اسرائیلی وزیر اعظم بن یامن نتن یاہو سے وائٹ ہاؤس میں 24 گھنٹے کے دوران دوسری ملاقات کی ہے، جس میں غزہ میں ممکنہ جنگ بندی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ غیر اعلانیہ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی، جس میں میڈیا کو رسائی نہیں دی گئی۔

ملاقات کے وقت غزہ میں اسرائیلی افواج کے حملوں میں کم از کم 95 فلسطینی شہید ہو چکے تھے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹر کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بن یامن نتن یاہو نے کہا ہے کہ ان کی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کا مرکزی نکتہ غزہ میں قید مغویوں کی رہائی کے لیے کی جانے والی کوششیں تھیں، انہوں نے زور دیا کہ وہ حماس کی عسکری اور حکومتی صلاحیتوں کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔