پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں تاریخی ”سینگول“ نصب کیا جائے گا: امیت شاہ
امیت شاہ نے کہا کہ سینگول اسی احساس کی علامت ہے جو جواہر لال نہرو نے 14 اگست 1947ء کو محسوس کیا تھا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت وزیر اعظم کی دوراندیشی کی ایک مثال ہے۔
نئی دہلی: پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں ٹاملناڈو سے موصولہ تاریخی ”سینگول“ (عصائے سلطانی) نصب کیا جائے گا جو ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے انگریزوں سے وصول کیا تھا، جس سے اقتدار کی منتقلی ظاہر ہوتی ہے اور اسے ا لٰہ آباد کے میوزیم میں رکھا گیا تھا۔
پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی 28 مئی کو کریں گے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج یہ بات بتائی۔ شاہ نے کہا کہ نصب کرنے کا مقصد اُس وقت بھی واضح تھا اور آج بھی واضح ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقتدار کی منتقلی محض مصافحہ یا دستاویز پر دستخط نہیں ہے، یہ مقامی روایات سے مربوط رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سینگول اسی احساس کی علامت ہے جو جواہر لال نہرو نے 14 اگست 1947ء کو محسوس کیا تھا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت وزیر اعظم کی دوراندیشی کی ایک مثال ہے۔
انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم افتتاح کے موقع پر 7 ہزار ورکرس کو اعزاز عطا کریں گے۔ شاہ نے بتایا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے دعوت نامے تمام سیاسی جماعتوں کو روانہ کیے گئے ہیں اور وہ اس تقریب میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے لیے آزاد ہیں۔