یوروپ

جاپان میں 5.9 شدت کا زلزلہ، 23 افراد زخمی

وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ حکومت نے ممکنہ نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کردی ہے۔ زلزلے کے دوران موبائل فونز پر ہنگامی زلزلہ الرٹ بھی جاری ہوئے اور ٹوکیو میں شدید جھٹکے محسوس کیے گئے

ٹوکیو :   مشرقی جاپان میں اتوار کی علی الصبح 5.9 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن سے ٹوکیو سمیت کئی علاقوں میں 23 افراد زخمی ہوگئے۔ زیادہ تر افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ حکام نے کہا ہے کہ سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز جنوبی ایباراکی پریفیکچر میں 70 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی ابتدائی شدت 5.8 بتائی ہے۔

علاقائی حکام کے مطابق سائیتاما میں 9، کاناگاوا میں 9، چیبا میں 4 اور ایباراکی میں ایک شخص زخمی ہوا۔ زیادہ تر افراد نیند کے دوران اچانک زلزلہ آنے سے گھبرا کر بستر سے گرنے یا فرنیچر اور دروازوں سے ٹکرانے کے باعث زخمی ہوئے۔ کاناگاوا کے یوکوہاما میں 80 سالہ ایک خاتون بستر سے گرنے کے باعث کولہے میں شدید چوٹ کا شکار ہوگئیں۔

زلزلے کے باعث ٹوکیو اور ناریتا ہوائی اڈے کو جوڑنے والی تیز رفتار ٹرینوں سمیت شمال مشرقی علاقوں کی بعض مقامی ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی، تاہم شنکانسن بلٹ ٹرینیں معمول کے مطابق چلتی رہیں۔

وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ حکومت نے ممکنہ نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کردی ہے۔ زلزلے کے دوران موبائل فونز پر ہنگامی زلزلہ الرٹ بھی جاری ہوئے اور ٹوکیو میں شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ٹوکیو کے کوتو علاقے میں زیر زمین پانی کی ایک پائپ لائن پھٹ گئی، جس کے باعث سڑک پر پانی بہنے لگا، تاہم بعد میں پائپ کی مرمت کرکے رساؤ روک دیا گیا۔ ٹیپکو پاور گرڈ کے مطابق ٹوکیو میں تقریباً 460 گھروں کی بجلی متاثر ہوئی، جسے اتوار کی صبح تک بحال کردیا گیا۔

جاپان کی نیوکلیئر ریگولیشن اتھارٹی نے کہا کہ ملک کے تقریباً ایک درجن جوہری بجلی گھروں اور جوہری مواد سے متعلق دیگر تنصیبات میں کسی غیر معمولی صورتحال کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو کے کُماموتو علاقے میں 7.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس میں 38 افراد ہلاک اور 364 زخمی ہوگئے تھے۔ زلزلے سے 1500 سے زیادہ عمارتیں تباہ اور تقریباً 20 ہزار کو نقصان پہنچا تھا۔