یوروپ

آسٹریلیا میں H5 برڈ فلو کا پہلا کیس سامنے آگیا

انہوں نے خبردار کیا کہ یہ خطرناک وائرس ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس کے پھیلاؤ کے ساتھ جنگلی جانوروں کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

کینبرا : جنوبی آسٹریلیا کے بیچ پورٹ میں ایک لمبی ناک والے فر سیل سمندری جانور میں ایچ 5 برڈ فلو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق آسٹریلیا میں کسی ممالیہ جانور میں اس وائرس کی یہ پہلی تصدیق ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ سیل میں یہ وائرس جنگلی پرندوں سے منتقل ہوا۔
وفاقی وزیر زراعت جولی کولنز نے کہا کہ اگرچہ یہ تشویش ناک پیش رفت ہے، لیکن جنگلی جانورں میں خصوصاً ان سمندری جانوروں میں وائرس کے پھیلاؤ کا امکان تھا جہاں جنگلی پرندوں میں انفیکشن کی شرح زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی ماحول میں ایچ 5 برڈ فلو پھیلنے کے بعد جنگلی جانوروں کو بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصان سے بچنا ممکن نہیں رہتا۔
انویسیو اسپیشیز کونسل کے چیف ایگزیکٹو جیک گف نے کہا کہ بیرون ملک ممالیہ جانوروں میں ایک دوسرے سے وائرس کی منتقلی کے باعث ہلاکتوں کی شرح بہت زیادہ رہی ہے۔ ان کے مطابق جنوبی امریکہ اور انٹارکٹیکا میں سمندری جانوروں میں وائرس کی باہمی منتقلی کے نتیجے میں خاص طور پر ان کے بچوں میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ یہ خطرناک وائرس ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس کے پھیلاؤ کے ساتھ جنگلی جانوروں کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت ہوئی ہے جب آسٹریلیا میں جون میں پہلی بار ایچ 5 برڈ فلو کی نشاندہی کے بعد پرندوں کی ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ جنوبی آسٹریلیا میں وائرس کے سب سے زیادہ 182 تصدیق شدہ کیس سامنے آئے ہیں، جبکہ وکٹوریہ میں 86، مغربی آسٹریلیا میں 10، نیو ساؤتھ ویلز میں 11 اور تسمانیہ میں 9 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔