لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں 57.47 فیصد ووٹنگ درج کی گئی
لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں مختلف علاقوں میں شدید گرمی اور گرمی کی لہر کے درمیان آج آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 49 سیٹوں پر اوسطاً 57.47 فیصد ووٹنگ ہوئی۔

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں مختلف علاقوں میں شدید گرمی اور گرمی کی لہر کے درمیان آج آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 49 سیٹوں پر اوسطاً 57.47 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہونے والی ووٹنگ مجموعی طور پر پرامن رہی۔ اڈیشہ اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے پانچویں مرحلے میں بھی 35 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی، جس میں ان سیٹوں کے 60.70 فیصد ووٹروں نے حصہ لیا۔
شام 7.30 بجے کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، پانچویں مرحلے میں مغربی بنگال کی سات سیٹوں پر سب سے زیادہ ووٹنگ فیصد 73.00 فیصد رہی، جب کہ سب سے کم ووٹنگ مہاراشٹر میں ہوئی، جہاں ووٹنگ کا فیصد 49.01 رہا۔
کمیشن ذرائع کے مطابق ووٹنگ مجموعی طور پر پرامن رہی۔
اس مرحلے میں بہار کی کل 40 سیٹوں میں سے پانچ کے لیے 52.60 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ جھارکھنڈ میں 14 میں سے تین سیٹوں پر 63.00 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ مہاراشٹر کی کل 48 سیٹوں میں سے 13 سیٹوں پر 49.01 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اڈیشہ میں آج لوک سبھا کی 21 میں سے پانچ سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی، جہاں 60.72 فیصد ووٹروں نے اپنا ووٹ ڈالا۔
اتر پردیش کی 80 میں سے 14 سیٹوں پر جن کے لیے آج ووٹنگ ہوئی، ووٹنگ کا فیصد 57.79 رہا۔ جموں و کشمیر کی پانچ سیٹوں میں سے بارہمولہ سیٹ پر آج ووٹنگ ہوئی، جہاں مرکزکے زیر انتظام علاقے کے چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق 59.00 فیصد ووٹ ڈالے گئے، جو 1984 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ لداخ کی واحد سیٹ پر 67.01 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
اس طرح ان 49 نشستوں پر 695 امیدواروں کی قسمت الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں درج ہو چکی ہے۔
پی ٹی آئی کے بموجب لوک سبھا الیکشن کے پانچویں مرحلہ میں 6 ریاستوں اور 2 مرکزی زیرانتظام علاقوں کے 49 حلقوں میں پیر کے دن رائے دہی کا تناسب 57 فیصد سے زائد رہا۔ مغربی بنگال میں تشدد کے اکادکا واقعات پیش آئے۔
ریاست میں بعض مقامات پرالکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں خرابی پیدا ہوئی۔ مہاراشٹرا میں سب سے کم 48.88 فیصد اور مغربی بنگال میں سب سے زیادہ 73 فیصد پولنگ ہوئی۔
بہار میں رائے دہی کا تناسب 52.55 فیصد‘ جموں و کشمیر میں 54.21 فیصد‘ جھارکھنڈ میں 63 فیصد‘ اوڈیشہ میں 60.72 فیصد‘ اترپردیش میں 57.43 فیصد اورلداخ میں 67.15 فیصد رہا۔ الیکشن کمیشن نے شام 7 بجے تک جو اعدادوشمار دستیاب کرائے ان کے بموجب تقریباً 57.38 فیصد مجموعی پولنگ ہوئی۔
رائے دہی کا وقت 6 بجے تک تھا لیکن اس کے بعد بھی پولنگ کی اجازت دی گئی کیونکہ لوگ قطار میں موجود تھے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسے الکٹرانک ووٹنگ مشینو ں میں ِخرابی اور ایجنٹس کو بوتھس میں داخل ہونے سے روکنے کی 1036 شکایتیں مختلف سیاسی جماعتوں سے وصول ہوئیں۔
مغربی بنگال کے حلقہ آرام باغ میں ٹی ایم سی اور بی جے پی حامیوں میں جھڑپیں ہوئیں۔ حلقہ ہگلی میں بی جے پی کی موجودہ رکن پارلیمنٹ اور پارٹی امیدوار لاکٹ چٹرجی کار میں بوتھ جارہی تھیں کہ ٹی ایم سی کارکنوں نے احتجاج کیا اور چور چور کے نعرے لگائے۔
اس پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کار سے اترکر ان پر غصہ اتارا۔ پولیس فورس فوری وہاں پہنچ گئی اور اس نے دونوں گروپس کو متصادم ہونے سے روک دیا۔ اسی دوران جھارکھنڈ کے ضلع رام گڑھ میں پولنگ بوتھ کے باہر ایک 62 سالہ شخص کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔