سورت میں منہدم عمارت کے ملبہ سے 7 نعشیں برآمد
گجرات کے سورت میں کل منہدمہ 6منزلہ عمارت کے مبلہ سے کم ازکم 7نعشیں برآمد ہوئیں۔ عہدیداروں نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔
نئی دہلی: گجرات کے سورت میں کل منہدمہ 6منزلہ عمارت کے مبلہ سے کم ازکم 7نعشیں برآمد ہوئیں۔ عہدیداروں نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔
ہفتہ کی دوپہر موضع سچن پالی میں جہاں چند دن سے موسلادھاربارش جاری تھی‘ یہ واقعہ پیش آیا۔ رہائشی عمارت میں 30اپارٹمنٹس تھے اور 5میں لوگ رہ رہے تھے۔ چیف فائرآفیسربسنت پاریکھ نے بتایاکہ سرچ آپریشن رات بھر جاری رہا اور 7 نعشیں برآمد ہوئیں۔
قبل ازیں ایک عہدیدار نے کہاتھا کہ ایک عورت کو بچالیاگیا۔ نیشنل ڈیزاسٹرریسپانس فورس (این ڈی آرایف) نے پولیس اور محکمہ فائر کے ساتھ مل کر ریسکیوآپریشن انجام دیا۔ محکمہ فائر کے ایک عہدیدار نے کہا کہ نائٹ شفٹ میں کام کرنے والے کئی مزدور عمارت میں اپنے کمروں میں سورہے تھے۔
اس عمارت کو مرمت کی ضرورت تھی لیکن کسی نے بھی اس پر توجہ نہیں دی۔ توجہ کیوں نہیں دی گئی اس کی تحقیقات کی جائیں گی۔ عمارت کی تعمیر نسبتاً نئی تھی لیکن اس کی حالت خراب بتائی جاتی ہے۔ کئی فلیٹس خالی پڑے تھے۔
پی ٹی آئی کے بموجب عمارت میں رہنے والوں سے کرایہ وصول کرنے والے ایک شخص کو گرفتارکرلیاگیا۔ اس کے اور عمارت کے دو مالکوں کے خلاف غیر ارادی قتل کا مقدمہ درج کرلیاگیا۔
رہائشی عمارت مخدوش حالت میں تھی اور پولیس کے بموجب ہفتہ کے دن 2:45بجے کے آس پاس وہ گرپڑی۔ 20گھنٹوں کے ریسکیوآپریشن کے بعد کشش شرما نامی 20 سال عورت کو بچالیاگیا۔ وہ دواخانہ میں زیرعلاج ہے۔
مرنے والوں میں زیادہ ترمدھیہ پردیش اور اترپردیش کے ٹیکسٹائل ورکرس ہیں۔ بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعات کے تحت ایف آئی آر بلڈنگ کے مالکوں راج کاکڑیہ‘اس کی ماں رمیلابین کاکڑیہ اور کرایہ وصول کرنے والے اشون واکریا کے خلاف درج ہوئی۔
انسپکٹر جگنیش چودھری نے یہ بات بتائی۔ راج کاکڑیہ فی الحال امریکہ میں ہے۔ جاریہ سال 26 اپریل کو سورت میونسپل کارپوریشن نے عمارت کے مالک کو تخلیہ کی نوٹس جاری کی تھی۔