بہار اور اوڈیشہ میں لو لگنے سے 92 اموات
بہار میں گرمی کی شدید لہر کے بیچ گزشتہ تین دن میں ریاست کے مختلف اضلاع میں 80 سے زائد جانیں گئیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بیشترکیسس میں پوسٹ مارٹم رپورٹس ابھی نہیں آئی ہیں۔

پٹنہ/بھوبنیشور: بہار میں گرمی کی شدید لہر کے بیچ گزشتہ تین دن میں ریاست کے مختلف اضلاع میں 80 سے زائد جانیں گئیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بیشترکیسس میں پوسٹ مارٹم رپورٹس ابھی نہیں آئی ہیں۔
سب سے زیادہ اثر اورنگ آبادمیں دیکھاگیا جہاں 19 جانیں گئیں۔ جمعرات کے دن اورنگ آباد میں درجہ حرارت 48.2 ڈگری سیلسیس تھا۔ اورنگ آباد میں لو لگنے سے 200کے آس پاس بیمار پڑے۔
میڈیکل آفیسر صدرہاسپٹل ابھیشک کمار نے بتایاکہ تقریباً200مریض دواخانہ آئے تھے اور ان سب کا علاج کیاگیا۔ مریضوں کی زیادہ تعداد کی وجہ سے دواخانہ میں افراتفری مچ گئی تھی۔
محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ 300 سے زائد افراد کو بہار کے مختلف اضلاع میں مختلف دواخانوں میں شریک کرایاگیا اور یہ لوگ زیرعلاج ہیں۔ محکمہ نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
محکمہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ لو لگنے سے ارول‘ بکسر‘ روہتاس اور بیگوسرائے اضلاع میں 8جانیں گئیں۔ موت کی وجہ کا فوری علم نہ ہوسکا کیونکہ بیشتر غم زدہ کنبوں نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکارکردیا ہے۔
جہان آباد میں الیکشن ڈیوٹی پر موجود ایک فوجی کے بشمول 8افراد کی موت واقع ہوئی۔ اضلاع گوپال گنج‘ جموئی‘ لکھی سرائے اور مشرقی چمپارن سے بھی اموات کی خبریں آئی ہیں۔
اسی دوران وڈیشہ کے سندرگڑھ میں گذشتہ 24گھنٹوں میں 12افراد کی موت واقع ہوئی۔ شبہ ہے کہ لو لگنے سے یہ اموات ہوئیں۔ ریاست بھر میں شدید گرمی کی لہرجاری ہے جبکہ کئی افراد آرجی ایچ (روڑکیلا گورنمنٹ ہاسپٹل) میں زیرعلاج ہیں۔