یوروپ

ایران کو جوہری ٹکنالوجی کو استعمال کرنے کا پورا حق حاصل: روسی صدر

روسی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کی رپورٹ کے مطابق صدر پوٹین نے اسکائی نیوز عربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو سویلین جوہری پروگرام تیار کرنے اور جوہری ٹکنالوجی کو پُرامن مقاصدکے لئے استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوٹین نے جوہری ٹکنالوجی کو پُرامن مقاصد کے لئے استعمال کرنے کو ایران کا حق قرار دے دیا۔

روسی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کی رپورٹ کے مطابق صدر پوٹین نے اسکائی نیوز عربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو سویلین جوہری پروگرام تیار کرنے اور جوہری ٹکنالوجی کو پُرامن مقاصدکے لئے استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔

پوٹین نے کہا کہ تہران کو پُرامن مقاصد کے لئے جوہری ٹکنالوجی کو آگے بڑھانے کا حق حاصل ہے، روس ایران کو پُرامن جوہری توانائی کی ترقی میں ضروری مدد فراہم کرنیکے لئے تیار ہے جو پہلے بھی کر چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں کچھ مخصوص مسائل ہیں جو مذاکرات کا موضوع ہو سکتے ہیں اور ہونے بھی چاہئیں، ایران اور اسرائیل دونوں کو تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق بحران کو حل کرنے کے لئے مذاکراتی عمل میں شامل ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ 13 جون کی رات اسرائیل نے ایران کے خلاف باقاعدہ فوجی آپریشن شروع کیا تھا جبکہ 24 گھنٹے کے دوران تہران نے بھی جوابی کارروائی کا آغاز کیا، تب سے دونوں ممالک ایک دوسرے پر حملے کر رہے ہیں۔