اسرائیل کی سلامتی کے لیے طویل مدتی قومی حکمت عملی اور اتحاد ضروری ہے: گادی آئزن کوٹ
مسٹر آئزن کوٹ نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ سدی بوکر میں واقع بن گوریون ہیریٹیج انسٹی ٹیوٹ اور اسرائیل کے بانی ڈیوڈ بن گوریون کے مزار کا دورہ کیا، جہاں ان کی وراثت اور قیادت کے تین اہم ستونوں، قومی سلامتی، شہری ذمہ داری اور اتحاد پر تبادلہ خیال کیا۔
تل ابیب: اسرائیل کے سینئر رہنما اور سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ نے ملک کی سلامتی اور مستقبل کے لیے ایک واضح اور طویل مدتی قومی سلامتی پالیسی، شہری ذمہ داری اور اندرونی اتحاد کو ناگزیر قرار دیا ہے۔
مسٹر آئزن کوٹ نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ سدی بوکر میں واقع بن گوریون ہیریٹیج انسٹی ٹیوٹ اور اسرائیل کے بانی ڈیوڈ بن گوریون کے مزار کا دورہ کیا، جہاں ان کی وراثت اور قیادت کے تین اہم ستونوں، قومی سلامتی، شہری ذمہ داری اور اتحاد پر تبادلہ خیال کیا۔
مسٹر آئزن کوٹ نے کہا کہ ڈیوڈ بن گوریون اس بات کو اچھی طرح سمجھتے تھے کہ اسرائیل کی سلامتی کے لیے ایک واضح اور طویل مدتی قومی سلامتی پالیسی ضروری ہے۔ وہ مشکل سوالات پوچھنے، حالات کا حقیقت پسندانہ جائزہ لینے اور ٹھوس حکمت عملی تیار کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹتے تھے۔
انہوں نے اعلان کیا، ”ہمیں ان سے سبق سیکھنا چاہیے اور نئی حکومت کی تشکیل کے بعد میرا ارادہ ‘قومی سلامتی حکمت عملی قانون’ نافذ کرنے کا ہے، جسے میں نے گزشتہ پارلیمنٹ (نیسٹ) میں یولی ایڈلسٹین کے ساتھ مل کر منظور کرایا تھا۔”
اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کی نوعیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بن گوریون یہ بھی جانتے تھے کہ اسرائیل کی سلامتی کا ایک لازمی حصہ دفاعی افواج کا ‘عوامی فوج’ ہونا ہے، جس میں ہر شخص اپنا کردار ادا کرتا ہے اور ملک کے دفاع میں حصہ لیتا ہے۔
مسٹر آئزن کوٹ نے مزید کہا کہ صرف قومی سلامتی کافی نہیں ہے بلکہ ایک مضبوط ریاست کی بنیاد شہری ذمہ داری کے واضح تصور پر بھی قائم ہوتی ہے، جس کی بنیاد ریاست کے تئیں شہریوں کی ذمہ داری اور شہریوں کے تئیں ریاست کی ذمہ داری پر ہوتی ہے۔ انہوں نے اسے اسرائیل کی قیادت کرنے کے خواہش مند ہر شخص کے لیے ایک رہنما اصول قرار دیا۔
اتحاد کی اہمیت بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسی شہری ذمہ داری سے ملک میں اتحاد پیدا ہوتا ہے۔ ان کے مطابق اتحاد صرف کسی سیاسی نظام کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق مشترکہ اقدار اور ملک کے مستقبل کی تشکیل کے طریقے پر باہمی اتفاق سے ہے۔
بن گوریون کی وراثت سے ترغیب حاصل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان فیصلہ کن دنوں میں اسرائیل کی سلامتی اور مستقبل کے لیے ان کے دکھائے ہوئے راستے پر چل کر کامیابی حاصل کی جائے گی۔