ویڈیو: سعودی عرب میں ہندوستانی خاتون کی فریاد، وطن واپسی کی اپیل
ہندوستانی خاتون الماس بانو غوث شریف کا الزام ہے کہ انہیں ہوٹل مینجمنٹ کی ملازمت کا وعدہ کرکے ریاض بلایا گیا، لیکن وہاں گھریلو کام کرائے گئے اور تنخواہ بھی نہیں دی گئی۔ خاتون نے وارث پٹھان کے ذریعے ہندوستان واپسی کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔
سعودی عرب کے شہر ریاض میں موجود ایک ہندوستانی خاتون نے وطن واپسی کیلئے مدد کی اپیل کی ہے۔ خاتون کا الزام ہے کہ انہیں ہوٹل مینجمنٹ کی ملازمت کا وعدہ کرکے سعودی عرب بلایا گیا لیکن وہاں پہنچنے کے بعد ان سے گھریلو کام کرایا جانے لگا اور تنخواہ بھی نہیں دی گئی۔
الماس بانو غوث شریف نامی خاتون نے اپنی پریشانیوں کا اظہار ایک ویڈیو میں کیا ہےجسے ایم آئی ایم قائد وارث پٹھان نے جمعہ 13 نومبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا۔
ویڈیو میں الماس بانو نے بتایا کہ انہیں ہوٹل میں مینجمنٹ کی نوکری دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن سعودی عرب پہنچنے کے بعد ان سے گھر کے کام کرائے جانے لگے۔
خاتون کے مطابق، ایک مرتبہ انہیں پوری رات اپنے آجر کے گھر کے باہر گزارنی پڑی۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ رات کے وقت انہیں وائی فائی استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی جس کی وجہ سے وہ اپنے بچوں سے بات بھی نہیں کرپاتی تھیں۔
الماس بانو نے ویڈیو میں اپنی پریشانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کے اندر رونے کی بھی طاقت نہیں رہی، کیونکہ وہ مسلسل روتے روتے تھک چکی ہیں۔
خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم اور اسکول کے اخراجات پورے کرنے کیلئے مجبوری میں سعودی عرب گئی تھیں۔ ان کا خاندان کرائے کے مکان میں رہتا ہے اور وہ اپنے بچوں کا مستقبل بہتر بنانے کے لیے بیرون ملک ملازمت کرنے پہنچی تھیں۔
الماس بانو نے وارث پٹھان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان واپس آنا چاہتی ہیں اور یہاں رہ کر کوئی بھی کام کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن سعودی عرب میں مزید ان حالات کا سامنا نہیں کرنا چاہتیں۔
وارث پٹھان کے مطابق الماس بانو کے والدین نے بھی ان سے مدد کے لیے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے ریاض میں ہندوستانی سفارت خانہ، وزارت خارجہ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ خاتون کا پتہ لگایا جائے، ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور انہیں بحفاظت ہندوستان واپس لانے کے اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ خاتون کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی آزادانہ تصدیق اور متعلقہ حکام کا موقف سامنے آنا ابھی باقی ہے۔