شمالی بھارت

درگاہ خواجہ معین الدین چشتیؒ کے باہر پرامن احتجاج کیا جائے گا

اجمیر میں درگاہ سے وابستہ خادموں کی مرکزی تنظیم انجمن معینیہ فخریہ چشتیہ خدام خواجہ صاحب سیدزادگان کے صدر غلام کبریا اور سیکرٹری سید سرور چشتی نے آج میڈیا کو بتایا کہ کچھ لوگ لگاتار ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اجمیر (یو این آئی) راجستھان کے اجمیر میں واقع درگاہ خواجہ معین الدین حسن چشتیؒ کے باہر جمعہ کو پرامن احتجاج کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں
پاکستانی زائرین نے درگاہ اجمیر میں چادر چڑھائی

اجمیر میں درگاہ سے وابستہ خادموں کی مرکزی تنظیم انجمن معینیہ فخریہ چشتیہ خدام خواجہ صاحب سیدزادگان کے صدر غلام کبریا اور سیکرٹری سید سرور چشتی نے آج میڈیا کو بتایا کہ کچھ لوگ لگاتار ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مسلمانوں کے خلاف جھوٹے بیانات دے رہے ہیں۔ دہلی سے آئے ایک شخص نے بارگاہ خواجہ کو ہندو مندر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے عدالت میں درخواست دائر کی ہے جبکہ دوسرے نے حضرت محمد صلعم کی شان میں گستاخی کی ہے۔

ایسے لوگ پرامن ماحول کو خراب کرنے میں مصروف ہیں۔ اس لیے مسلمانوں کو بھی سوچنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ایک میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 11 اکتوبر کو نماز جمعہ کے بعد درگاہ شریف کے مرکزی نظام گیٹ پر پرامن احتجاج کیا جائے گا تاکہ ہماری آواز حکومت تک پہنچائی جا سکے۔ انہوں نے کہا“ہم اپنے آئین کے دائرے اور جمہوریت میں اپنی بات کہنے کے حق کے تحت پرامن احتجاج کریں گے۔

ہم پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے کوئی احتجاجی ریلی نہیں نکالیں گے۔انہوں نے تمام مسلمانوں سے اس پرامن احتجاج میں درگاہ کے نظام گیٹ تک پہنچنے کی درخواست کی ہے۔واضح رہے کہ اجمیر کی درگاہ کو سنکٹ موچن مہادیو مندر قرار دینے کی درخواست مقامی عدالت میں زیر التوا ہے، جس کی سماعت 10 اکتوبر کو ہونی ہے۔