غنڈہ گردی کرنے والے کانوڑیوں پر ایک شخص نے برسائی لاٹھیاں، ویڈیو وائرل
مار کھانے کے بعد وہ شخص کسی طرح خود کو چھڑا کر موقع سے نکلتا ہے لیکن تھوڑی دیر بعد وہ دوبارہ ہاتھ میں لاٹھی لئے واپس لوٹتا ہے اور حملہ آور کانوڑیوں پر قہر بن کر ٹوٹ پڑتا ہے۔ اس کے ہاتھ میں لاٹھی دیکھ کر پہلے جو حملہ آور تھے، وہ جان بچا کر ادھر ادھر بھاگنے لگتے ہیں۔
ہرِدُوار: ہر سال ساون کے مہینہ میں منعقد ہونے والی کانوڑ یاترا کو عقیدت و احترام کی علامت سمجھا جاتا ہے مگر حالیہ دنوں میں اس یاترا کے دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعات نے اس کی شبیہ کو متاثر کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ کانوڑ یاتریوں غنڈہ گردی کرتے ہوئے ایک شخص کو بری طرح پیٹ ڈالا، جس کے جواب میں اس شخص نے بھی لاٹھی اٹھا لی اور حملہ آوروں پر پلٹ وار کردیا۔
یہ واقعہ ہرِدُوار میں جاری کانوڑ میلہ کے دوران پیش آیا۔ وائرل ویڈیو میں صاف طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ کانوڑ یاتری ایک شخص کو چاروں طرف سے گھیر کر اس پر لات،گھونسوں کی بارش کر رہے ہیں۔ وہ شخص زمین پر گر جاتا ہے۔ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ وہاں موجود بھیڑ میں سے کوئی بھی اسے بچانے کے لئے آگے نہیں آتا۔ سب تماشائی بنے موبائل کیمرے میں مناظر قید کرتے رہے۔
مار کھانے کے بعد وہ شخص کسی طرح خود کو چھڑا کر موقع سے نکلتا ہے لیکن تھوڑی دیر بعد وہ دوبارہ ہاتھ میں لاٹھی لئے واپس لوٹتا ہے اور حملہ آور کانوڑیوں پر قہر بن کر ٹوٹ پڑتا ہے۔ اس کے ہاتھ میں لاٹھی دیکھ کر پہلے جو حملہ آور تھے، وہ جان بچا کر ادھر ادھر بھاگنے لگتے ہیں۔ اس دوران موقع پر بھگدڑ مچ جاتی ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے منظر بدل جاتا ہے۔
پولیس کی کارروائی:
ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مقامی پولیس نے واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اس معاملے میں ضروری قانونی کارروائی کی جا چکی ہے، لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اصل جھگڑا کس بات پر شروع ہوا تھا۔
https://twitter.com/Salmanhyc78/status/1946586028392976746
سوشل میڈیا پر ردعمل:
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر @Salmanhyc78 نامی ایکس (ٹویٹر) اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا، جسے اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔ کئی صارفین نے اس شخص کی حمایت کی ہے، جنہوں نے پلٹ وار کیا۔ ایک صارف نے لکھا:
"بہت اچھا کیا ان نشہ بازوں کے ساتھ، ایسے ہی علاج کی ضرورت ہے۔”
ایک اور نے کہا:
"ان لوگوں نے عام شہریوں کا جینا حرام کر رکھا ہے، ان کا علاج ضروری ہے۔”
جبکہ ایک اور نے لکھا:
"بھائی کو سلام! یہی طریقہ ہے ایسے ہنگامہ کرنے والوں کو سبق سکھانے کا۔”
قابل ذکر ہے کہ حالیہ برسوں میں کانوڑ یاترا کے دوران کئی شہروں میں بدامنی، ہنگامہ آرائی اور تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔