قیامت خیز منظر: اسکول کی عمارت گر گئی، امتحان دینے والے 22 طلبہ جاں بحق، 130 سے زائد زخمی
مغربی افریقی ملک نائیجیریا کے اسکول میں بچے امتحان دے رہے تھے کہ اچانک ان پر چھت گرنے کی صورت میں قیامت ٹوٹ پڑی۔
ابوجا: مغربی افریقی ملک نائیجیریا کے اسکول میں بچے امتحان دے رہے تھے کہ اچانک ان پر چھت گرنے کی صورت میں قیامت ٹوٹ پڑی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو پلیٹیو اسٹیٹ کے مقامی سینٹ اکیڈمی اسکول میں صبح کے وقت طلبہ امتحان دینے میں مصروف تھے کہ اچانک اسکول کی چھت ڈھ گئی، جس سے 22 بچے ہلاک اور 130 سے زائد زخمی ہو گئے۔
یہ افسوس ناک واقعہ ریاست کے دارالحکومت جوس میں پیش آیا، اسکول دو منزلہ تھا جس کی چھت خستہ حالی کے باعث منہدم ہو گئی، پھنسے ہوئے طلبہ ملبے کے نیچے سے مدد کے لیے پکارتے رہے، مقامی حکام کے مطابق اسکول میں ایک ہزار سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔
رضاکار کنکریٹ کے ڈھیر اور لوہے کی سلاخوں کو توڑنے کے لیے ایکسکویٹرز، ہتھوڑوں اور خالی ہاتھوں کا استعمال کرتے ہوئے بچوں کو بچانے کی کوشش میں مصروف رہے، جب کہ اس دوران موقع پر موجود والدین بھی اپنے بچوں کو ڈھونڈنے کے لیے بھاگ دوڑ کرتے رہے۔
حکام کی جانب سے عمارت گرنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم رہائشیوں کا کہنا ہے کہ تین دن کی شدید بارشوں کے بعد یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ ایک زخمی طالب علم نے اسپتال سے اے ایف پی کے نمائندے کو بتایا ’’میں کلاس میں داخل ہوا اور پانچ منٹ سے زیادہ نہیں ہوا ہوگا، جب میں نے ایک زوردار آواز سنی، اور پھر میں نے خود کو اسپتال میں پایا۔‘‘