مہاراشٹرا

15 دن میں 2 سیاسی دھماکے ہوں گے:سپریہ سولے

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) کی رکن لوک سبھا سپریہ سولے نے اشارہ دیا ہے کہ آئندہ 15 دن میں 2 سیاسی دھماکے (ایک دہلی میں اور دوسرا مہاراشٹرا میں) ہوں گے۔

پونے: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) کی رکن لوک سبھا سپریہ سولے نے اشارہ دیا ہے کہ آئندہ 15 دن میں 2 سیاسی دھماکے (ایک دہلی میں اور دوسرا مہاراشٹرا میں) ہوں گے۔

متعلقہ خبریں
این سی پی کے اگلے صدر کے بارے میں کل فیصلہ متوقع

پونے میں منگل کے دن بعض میڈیا نمائندوں نے ان سے ونچت بہوجن اگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر کے اس بیان کے بارے میں پوچھا گیا تھا کہ ریاست میں آئندہ 15دن میں سیاسی دھماکے ہوں گے۔ سپریہ سولے نے جو این سی پی سربراہ شردپوار کی لڑکی ہیں‘ تفصیل میں گئے بغیر کہا کہ ایک دھماکہ دہلی میں اور دوسرا ریاست میں ہوگا۔

غور طلب ہے کہ شردپوار کے بھتیجہ این سی پی قائد اجیت پوار نے منگل کے دن کہا تھا کہ وہ جب تک زندہ ہیں پارٹی کے لئے کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اس قیاس آرائی کو خارج کردیا تھا کہ وہ اور ان کے وفادار ارکان اسمبلی کا گروپ‘ برسراقتدار بی جے پی سے ہاتھ ملالے گا۔

اجیت پوار کے اگلے سیاسی اقدام کے بارے میں پوچھنے پر سپریہ سولے نے کہا کہ اصل میں ہوتا یہ ہے کہ ہر پیشرفت میں میرے بھائی اجیت پوار کو ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔ ہر کوئی اس سکہ کے بارے میں بات کرتا ہے جس کی بازار میں مانگ ہوتی ہے۔

اس دعویٰ پر کہ پارٹی کے بعض ارکان اسمبلی سے رابطہ قائم نہیں ہوپارہا ہے‘ سپریہ سولے نے کہا کہ رینج میں نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ اس شخص تک رسائی نہیں ہے۔

این سی پی کے 40 ارکان اسمبلی کے اجیت پوار کے ساتھ جانے کی خبروں پر سپریہ سولے نے کہا کہ شردپوار‘ اجیت پوار اور این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل تمام ارکان اسمبلی کو دن رات دستیاب ہیں۔

وہ بھی ارکان اسمبلی سے بات چیت کرچکی ہیں۔ اگر کوئی ناراض ہے تو ہمیں پتہ چل جاتا ہے۔ اگر آپ کی خبروں میں کوئی سچائی ہے تو میں یقینا ان سے بات چیت کروں گی۔