عادل آباد میں ایک شیرنی بچوں کے ساتھ پائی گئی
عہدیداروں نے بتایا کہ اس شیرنی کاتعلق پڑوسی ریاست مہاراشٹرکے تپیشور ٹائیگر ریزرو سے ہے۔یہ ریزرو، ایوت محل علاقہ میں ہے تاہم یہ شیرنی پین گنگادریا کو پار کرتے ہوئے اپنے بچوں کے ساتھ تلنگانہ میں داخل ہوئی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں ایک شیرنی اپنے تین بچوں کے ساتھ پائی گئی۔یہ واقعہ ضلع کے پیپل کوٹ گاوں میں پیش آیاجس کا ویڈیو وائرل ہوگیا۔یہ ویڈیو سڑک سے گذرنے والے ایک شخص نے لاری میں بیٹھ کر لیاجس کے وائرل ہونے کے ساتھ ہی علاقہ میں رہنے والوں میں خوف پایاجاتا ہے۔
یہ لاری، چانکا۔کوراٹا بین ریاستی پراجکٹ کے کام کے حصہ کے طورپرتعمیراتی سامان کے ساتھ جارہی تھی۔اس ویڈیو میں دیکھاجاسکتا ہے کہ ایک شیرنی اپنے دونوں بچوں کے ساتھ رات کے اندھیرے میں سڑک سے گذررہی ہے۔یہ سڑک کھیتوں کے درمیان ہے۔
اسی دوران گولاگھاٹ، پیپل کوٹ، نپپانی، گنجالا،ارلی، دھنورا، کارانجی اور دیگر مواضعات میں رہنے والوں نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو مطلع کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ اس شیرنی کو جنگل واپس بھیجنے کے لئے اقدامات کرے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ اس شیرنی کاتعلق پڑوسی ریاست مہاراشٹرکے تپیشور ٹائیگر ریزرو سے ہے۔یہ ریزرو، ایوت محل علاقہ میں ہے تاہم یہ شیرنی پین گنگادریا کو پار کرتے ہوئے اپنے بچوں کے ساتھ تلنگانہ میں داخل ہوئی۔
یہ شیرنی گذشتہ سال نومبر کے پہلے ہفتہ میں عادل آباد کے جنگلات میں دیکھی گئی تھی تاہم وہ 30نومبر کو ریزرو واپس ہوگئی۔اس واقعہ کے ویڈیو کے ساتھ ہی مقامی افراد رات کو گھروں سے نکلنے میں خوف محسوس کررہے ہیں۔