قومی

درگاہ اجمیر میں حادثات کی ذمہ داری قبول کرنے سے انتظامیہ کا انکار

کئی مسلم تنظیموں نے درگاہ اجمیر کی جانب سے جاری کی گئی ایک نوٹس پر تنقید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ درگاہ کے احاطہ کے اندر قدیم اور بوسیدہ عمارتوں کی وجہ سے ہونے والے کسی بھی حادثہ کی ذمہ داری انتظامیہ پر نہیں رہے گی۔

جئے پور (پی ٹی آئی) کئی مسلم تنظیموں نے درگاہ اجمیر کی جانب سے جاری کی گئی ایک نوٹس پر تنقید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ درگاہ کے احاطہ کے اندر قدیم اور بوسیدہ عمارتوں کی وجہ سے ہونے والے کسی بھی حادثہ کی ذمہ داری انتظامیہ پر نہیں رہے گی۔

اس نوٹس پر 21جولائی کی تاریخ  درج ہے اور درگاہ کے ناظم محمد بلال خان نے اس پر ڈیجیٹل دستخط کئے ہیں جس کے ذریعہ عقیدتمندوں کو درگاہ کے احاطہ کے اندر عمارتوں سے امکانی خطرہ کے بارے میں انتباہ دیا گیا ہے۔

تاہم کہا گیا ہے کہ حادثات کی صورت میں انتظامیہ کو قانونی طور پر ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکے گا۔ مسلم پروگریسیوفیڈریشن نے اس نوٹس کو شرمناک اور ذمہ داری سے پہلوتہی قرار دیا۔

ناظم کو تحریر کردہ ایک خط میں فیڈریشن کے صدر عبدالسلام جوہر نے کہا کہ روحانی اہمیت کے ایسے مقام پر اس طرح اپنی ذمہ داری سے گریز کرنا ناقابل قبول ہے۔

ایک اور دستخط کنندہ سید انورشاہ عادل خان نے کہا کہ انتظامیہ کو چاہئے تھا کہ وہ ایسے غیرمحفوظ علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی مرمت کرواتی، اس کے بجائے اس نے ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔