تلنگانہ کے 17 اضلاع میں اڈلٹ بی سی جی ٹیکہ اندازی مہم
محکمہ صحت، طبی اور خاندانی بہبود کے تحت حکومت ہند کی جانب سے تلنگانہ کے 17 اضلاع میں اکتوبر کے اواخر یا نومبر کے پہلے ہفتہ تک اڈلٹ (بالغ) بیسیلس کالمیٹ گیورین (بی سی جی) ویکسینیشن مہم شروع کی جائے گی۔

حیدرآباد(منصف نیوز بیورو) محکمہ صحت، طبی اور خاندانی بہبود کے تحت حکومت ہند کی جانب سے تلنگانہ کے 17 اضلاع میں اکتوبر کے اواخر یا نومبر کے پہلے ہفتہ تک اڈلٹ (بالغ) بیسیلس کالمیٹ گیورین (بی سی جی) ویکسینیشن مہم شروع کی جائے گی۔
30 ریاستوں کی جانب سے پہلے مرحلہ میں بالغ افراد میں بی سی جی ویکسینیشن مہم میں حصہ لینے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے اور دوسرے مرحلہ میں تلنگانہ میں بھی یہ مہم چلانے کے لیے رضامندی دی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق تلنگانہ میں رضاکارانہ طور پر سامنے آنے والے لوگوں کو بیسیلس کالمیٹ گیورین (بی سی جی) کی 25 لاکھ سے زیادہ ویکسین کی خوراکیں دی جائیں گی۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ بی سی جی ویکسینیشن تلنگانہ میں متعارف کروائی جا رہی ہے اور 17 اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں حیدرآباد ضلع میں سب سے زیادہ 12,97,400 لاکھ افراد کو ٹیکہ دیا جایگا، اس کے بعد رنگاریڈی میں 7,95,600 لاکھ، میڈچل ملکاجگیری میں 7,93,000 لاکھ اور نظام آباد میں 40943 لاکھ افراد کو ٹیکے دئیے جائیں گے۔