تلنگانہجرائم و حادثات

بیوی کے قتل کے بعد شوہر نے لاش کے ٹکڑے کردئیے،  دھڑ دستیاب

ضلع میڑ چل ملکاجگری میں پیش آئے ایک غیر انسانی واقعہ نے ہر طرف ہلچل مچا دی ہے۔ میڈی پلی کے بالاجی ہلز کالونی میں ایک شخص نے اپنی حاملہ بیوی کو بے دردی سے قتل کر دیا۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) ضلع میڑ چل ملکاجگری میں پیش آئے ایک غیر انسانی واقعہ نے ہر طرف ہلچل مچا دی ہے۔ میڈی پلی کے بالاجی ہلز کالونی میں ایک شخص نے اپنی حاملہ بیوی کو بے دردی سے قتل کر دیا۔

ملزم نے آری سے بیوی کے جسم کو ٹکڑوں میں کاٹ کر موسیٰ ندی میں پھینک دیا۔ پولیس کو شک ہے کہ میاں بیوی کے درمیان جھگڑوں نے اس قتل کو جنم دیا۔ وقار آباد ضلع کا یہ جوڑا کچھ عرصہ قبل ہی حیدرآباد آیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق، وقارآباد کی  رہنے والی سواتی (عمر 25) اور مہیندر ریڈی نے آپس میں محبت کی شادی کی تھی۔

مہیندر ریڈی راپیڈو ڈرائیور بتایا جاتا ہے۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے ان دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے تھے۔ پولیس نے انکشاف کیا کہ تین دن قبل (22 اگست) دوپہر کے وقت مہیندر ریڈی نے اپنی پانچ ماہ کی حاملہ بیوی سواتی کا قتل کر دیا۔

اس نے لاش کو ٹکڑوں میں کاٹ کر تھیلوں میں بھرا اور انہیں موسیٰ ندی میں پھینکنے کی کوشش کی۔ اس نے اعتراف کیا ہے کہ سر، ہاتھ اور پیر الگ الگ جگہوں پر پھینکے ہیں۔ جسم کا باقی حصہ گھر میں ہی رہنے کی وجہ سے بدبو آ رہی تھی  اور مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس جب جائے وقوع پر پہنچی اور تھیلوں کا معائنہ کیا تو مہیندر کے گھر میں سواتی کا دھڑ ملا۔ پولیس نے فوری طور پر مہیندر ریڈی کو گرفتار کر لیا۔ سواتی کی والدہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہیندر نے ان کی بیٹی کو ورغلا کر گھر سے بھگا کر شادی کی تھی۔ شادی کے بعد مہیندر مکمل طور پر بدل گیا اور ان کی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنانے لگا، یہاں تک کہ فون پر بات بھی نہیں کرنے دیتا تھا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ پولیس کا ماننا ہے کہ اس قتل کو منصوبہ بندی کے تحت  انجام دیا گیا۔اور جسم کے باقی حصوں کی تلاش کے لیے موسیٰ ندی میں چھان بین جاری ہے۔