آگرہ: دس منٹ میں دیسی شراب کے تین کوارٹر پینے کا چیلنج، پھر کیا ہوا؟
رکشا راں جئے سنگھ کی موت اس وقت ہوئی جب اس کے دو دوستوں نے اسے 10 منٹ میں دیسی شراب کے تین کوارٹر پینے کا چیلنج دیا۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں دوستوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
آگرہ: اترپردیش کے آگرہ سے ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں شراب نوشی کی زیادتی سے ایک شخص کی جان چلی گئی۔ یہ ایک ایسا چیلنج تھا جس نے ایک 45 سالہ رکشا راں کی جان لے لی۔
رکشا راں جئے سنگھ کی موت اس وقت ہوئی جب اس کے دو دوستوں نے اسے 10 منٹ میں دیسی شراب کے تین کوارٹر پینے کا چیلنج دیا۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں دوستوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جئے سنگھ نے اپنے دونوں دوستوں کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ شرط پوری نہیں کر پاتا ہے تو وہ بل ادا کر دے گا۔ ای رکشہ ڈرائیور جئے سنگھ بعد میں اس کے 16 سالہ بیٹے کرن کو شلپگرام کے قریب سڑک کے کنارے بے ہوش دستیاب ہوا۔
پہلے اسے قریبی دو خانگی دواخانوں کو لے جایا گیا لیکن دونوں جگہ اس کا علاج کرنے سے انکار کر دیا گیا، جئے کو بعد میں ایس این میڈیکل کالج لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ دو دوستوں بھولا اور کیشو کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 304 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ تاج گنج تھانے کے ایس ایچ او بہادر سنگھ نے بتایا کہ بھولا اور کیشو کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے بتایا کہ وہ تینوں 8 فروری کو شلپگرام پارکنگ کے پاس شراب پینے کے لئے جمع ہوئے تھے۔ جئے کے چار چھوٹے بچے ہیں جن میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
جئے کے بھائی سکھبیر سنگھ نے بتایا کہ بھولا اور کیشو کی میرے بھائی سے 10 سال پرانی دوستی تھی۔ انہوں نے ہمیں میرے بھائی کی بگڑتی ہوئی صحت کے بارے میں نہیں بتایا اور اس کے پاس موجود 60 ہزار روپے بھی لے کر اسے مرنے کے لئے چھوڑ دیا۔ یہ پیسے گذشتہ سال خریدے گئے ای رکشا کی قسط ادا کرنے کے لئے وہ گھر سے لے کر نکلا تھا۔